Aaj News

جمعہ, نومبر 01, 2024  
28 Rabi Al-Akhar 1446  

عمران سے آئی ایم ایف، یورپی یونین نمائندگان کی ملاقات کے دعوے پر محکمہ جیل کی وضاحت

عمران خان سے اہل خانہ اور وکلاء سے ملاقاتوں کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کیا جاتا ہے، ترجمان
شائع 17 نومبر 2023 08:43am
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

ترجمان محکمہ جیل خانہ جات پنجاب نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور یورپی یونین نمائندگان سے ملاقات کے دعوے پر وضاحت کردی۔

ترجمان محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کے مطابق عمران خان سے آئی ایم ایف اور یورپین یونین کے نمائندگان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے حوالے سے چوہدری پرویز الٰہی کا بیان بے بُنیاد، حقائق کے بر عکس اور منافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی چیئرمین سے نہ کوئی ایسی ملاقات ہوئی ہے اور نہ ہی کسی ایسی ملاقات کا کوئی سوال پیدا ہوتا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور چوہدری پرویز الٰہی کو اڈیالہ جیل میں الگ الگ جگہ پر رکھا گیا ہے جس کا درمیانی فاصلہ 500 میٹر سے زائد ہے جب کہ عمران خان سے پرویز الٰہی کی بھی اڈیالہ جیل میں نہ کبھی کوئی ملاقات ہوئی اور نہ ہی کوئی رابطہ ہوا ہے۔

محکمہ جیل خانہ جات کے ترجمان نے کہا کہ عمران خان سے ان کی فیملی اور وکلاء کے علاؤہ کسی کی بھی ملاقات نہیں ہوئی، اہل خانہ اور وکلاء سے ملاقاتوں کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کیا جاتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل کی سکیورٹی کے لئے 300 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کے دفتر کے کنٹرول روم میں ہمہ وقت نگرانی کی جاتی ہے۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے عمران خان کی آئی ایم ایف اور یورپین یونین کے نمائندگان سے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں ملاقات کا دعویٰ کیا تھا۔

rawalpindi

IMF

IMRAN KHAN Adiyala Jail