Aaj News

جمعہ, مئ 10, 2024  
01 Dhul-Qadah 1445  

’پی ٹی آئی بوٹس سے باٹس پر آگئی‘

’پہلے یہ خود کے سہارے کیلئے بوٹس کا استعمال کرتے تھے اب چاہتے ہیں کہ باٹس انہیں بچائیں‘
شائع 18 دسمبر 2023 03:25pm

ورکرز کنوشن پر مسلسل پولیس کے دھاووں سے پریشان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) گزشتہ رات ورچوئل جلسہ کرنے پر مجبور ہوئی تو ملک بھر میں سوشل میڈیا سروسز ڈاؤن ہوگئیں۔ اس کے باوجود پی ٹی آئی نے لاکھوں ویوز حاصل کرنے کا دعویٰ کیا۔

پی ٹی آئی کے اس دعوے پر سوشل میڈیا پر مختلف ردعمل دیکھنے کو ملا، کچھ نے اس دعوے کی حمایت کی تو کچھ نے اسے باٹس کی کارستانی قرار دے دیا۔

معروف صحافی طلعت حسین نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا، ’پہلے یہ خود کے سہارے کیلئے بوٹس کا استعمال کرتے تھے اب چاہتے ہیں کہ باٹس انہیں بچائیں‘۔

حنا کیانی نامی صارف نے لکھا، ’پی ٹی آئی ایک بار پھر جعل سازی کرتے ہوئے پکڑی گئی!! ورچوئل آن لائن جلسے میں سوشل میڈیا کی جماعت سوشل میڈیا پر بھی فلاپ ہوگئی اور مجبوراً ”بوٹس“ کا استعمال کرنا پڑا‘۔

ارمغان نامی صارف نے ورچوئل جلسے کی ناکامی پر سوشل میڈیا صارفین کا شکریہ ادا کیا۔

ایک صارف نے لکھا،’اگر عوام میں اصل مقبولیت ہوتی تو پھر سوشل میڈیا پر باٹس کی بیساکھیوں کی ضرورت نہ پڑتی‘۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے حامیوں نے اس ورچوئل ایونٹ کو کامیاب ترین قرار دیا اور اس حوالے سے مختلف ٹوئٹس کیے۔

ایک صارف نے پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کی’کامیابی’ کا فلم کے سیک سین کے طور پر دکھایا جس میں لوگ اجے دیوگن کے پاؤں چھو رہے ہیں۔

فردوس شمیم نقوی نے بھی پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کی تعریف کی۔

خیال رہے کہ عام انتخابات 2024 سے ڈیڑھ ماہ قبل ایک ایسے وقت میں جب سابق وزیر اعظم عمران خان سمیت تحریک انصاف کے کئی رہنما جیل میں ہیں اور جماعت کو جلسے کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، پی ٹی آئی نے عوام تک اپنا پیغام پہنچانے کے لیے ”ورچوئل جلسے“ کا راستہ اپنایا ہے۔

17 دسمبر کی شب انتخابی مہم کے سلسلے میں تحریک انصاف کے پہلے ورچوئل یا آن لائن جلسے کا اہتمام کیا گیا۔

اس جلسے میں پوری دنیا سے پی ٹی آئی کارکنان نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

جماعت کے اہم رہنماؤں کے ساتھ ساتھ روپوش شخصیات نے بھی جلسے سے خطاب کیا۔

حتیٰ کہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے عمران خان کی آواز میں ان کا جیل سے پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’حقیقی آزادی کی خاطر جیل میں رہنا عبادت کے مترادف ہے۔‘

PTI Virtual Jalsa

Bots

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div