Aaj News

اتوار, مئ 05, 2024  
26 Shawwal 1445  

معاشرے کی تلخ حقیقت پر مبنی کرائم تھرلر فلم چِکڑ

کراچی کے مقامی سینما میں فلم کا شاندار پریمیئر منعقد ہوا
شائع 21 دسمبر 2023 01:06am

کراچی کے مقامی سینما میں دریچے فلمز کی کرائم تھرلر فلم ’چکڑ‘ کا شاندار پریمیئر منعقد ہوا جہاں ستاروں کی کہکشاں نے ریڈ کارپٹ پر خوب جلوے بکھیرے، نگراں وزیر ثقافت نے پریمیئر میں خصوصی شرکت کی۔

سسپنس، ڈرامے اور حقیقت پسندی سے بھرپور دریچے فلمز کی شاہکار ’چکڑ‘ کا کراچی میں ستاروں سے سجی شام میں شاندار پریمیئر منعقد ہوا۔ ظہیر الدین کی ہدایت کاری کا یہ پہلا شاہکار بلاشبہ سال 2023 میں لالی وڈ کی سب سے جاندار اور قابلِ ستائش کرائم تھرلر فلم ہے۔

پریمیئر کے موقع پر ناقدین اور آڈیئنس نے فلم کو قابل ستائش قرار دیا اور عثمان مختار، اشنا شاہ، فریال محمود، نوشین شاہ، سلیم معراج، علی شیخ، عدنان شاہ ٹیپو، ڈیبیو کاسٹ اور سپورٹنگ کاسٹ کی شاندار اداکاری کو دل کھول کر سراہا۔

ظہیر الدین نے پریمیئر میں شرکت کرنے پر فلم اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، اور چکڑ کے لیے ان کی محبت اور پذیرائی کا شکریہ ادا کیا۔

ظہیرالدین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلی فلم ہونے کے ناطے ’چکڑ‘ میرے دل میں ایک خاص مقام رکھتی ہے اور مجھے یقین ہے کہ اس کا یہ مقام ہمیشہ برقرار رہے گا۔

ہدایتکار کا کہنا تھا کہ میں فلم کا تمام کریڈٹ کاسٹ کو دوں گا جنہوں نے میرے نظریے اور سوچ کو سحر انگیز طریقے سے پیش کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انڈسٹری کے ساتھیوں کا مجموعی ردعمل دیکھ کر مجھے بے حد خوشی ہوئی ہے اور اب مجھے گرینڈ پبلک پریمیئر کا بے صبری سےانتظار ہے۔

چکڑ میں حساس موضوعات اور حقیقی مناظر کی دلکش تصویر پیش کی گئی ہے ،جو مقامی فلمی انڈسٹری کےروشن مستقبل کی ضمانت ہے اور نوجوان اداکاروں کو اپنے فن کا مظاہر ہ کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے ۔

چکڑ 22 دسمبر 2023 سے پاکستان بھر کے سینما گھروں کی زینت بنے گی ۔

Chikkar

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div