سوات کا ریسٹورنٹ مٹی کے برتنوں میں کھانا پیش کرنے لگا

مٹی کے برتن ہماری روایات کا حصہ رہے ہیں، بہت سوں کا خیال ہے اس سے لذت بڑھ جاتی ہے
شائع 08 جنوری 2024 04:10pm

پاکستان کے طول و عرض میں کھانے پینے کے لیے مٹی کے بنے ہوئے برتنوں کا استعمال عام رہا ہے۔ فی زمانہ یہ روایتی انداز دم توڑ رہا ہے کیونکہ جدید ترین ٹیکنالوجیز سے تیار کردہ دل کش برتن دنیا بھر کی طرح ہمارے ہاں بھی غیر معمولی مقبولیت سے ہم کنار ہیں۔

کھانے پینے کے برتنوں سے ملبوسات تک ہر معاملے میں مغرب کی تقلید کرکے ہم اپنی روایتی اشیا سے دور ہوتے جارہے ہیں۔ ہمارے بیشتر ریسٹورنٹ بھی روایتی انداز کرکے مغرب کے نقوشِ قدم پر چل رہے ہیں۔

شدید مغرب زدہ ماحول میں سوات کے ریسٹورنٹ نے مٹی کے برتنوں کی مقبولیت بحال کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے۔ اس ریسٹورنٹ میں کرم فرمائوں کو کھانے پینے کی تمام اشیا مٹی کے برتنوں میں پیش کی جاتی ہیں۔

یہ ریسٹورنٹ تمام کھانے مٹٰی کی ہانڈی میں تیار کرتا ہے۔ دیسی طریقوں سے تیار کردہ کھانوں کے شوقین بڑی تعداد میں اس ریسٹورنٹ کا رخ کر رہے ہیں۔ یہاں انہیں گھر جیسا ماحول ملتا ہے۔

بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ مٹی کے برتنوں میں تیار کرنے سے کھانے کی لذت بڑھ جاتی ہے۔ سوات اور پاکستان کے دیگر علاقوں میں صدیوں سے کھانا مٹی کے برتنوں میں تیار اور پیش کیا جاتا رہا ہے۔

آج بھی دیہی علاقوں میں بہت سے لوگ اپنی صحت کے بلند معیار کو مٹی کے برتنوں میں کھانا پکانے اور کھانے کا نتیجہ قرار دیتے ہیں۔

CLAY VESSELS

TRADITIONAL COOKERY

SWAT RESTAURANT