Aaj News

ہفتہ, جولائ 27, 2024  
20 Muharram 1446  

تربت میں فائرنگ سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اسلم بلیدی شدید زخمی

سابق صوبائی وزیر اسلم بلیدی کو ٹیچنگ اسپتال منتقل کردیا گیا
شائع 10 جنوری 2024 08:02pm

بلوچستان کے علاقے تربت میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے سابق صوبائی وزیر اور موجودہ مسلم لیگ (ن) کے قومی اسمبلی کے امیدوار میر اسلم بلیدی شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق سابق سینیٹر اور موجودہ این اے 258 سے قومی اسمبلی کے امیدوار قبائلی و سیاسی رہنماء میر اسلم بلیدی تربت میں میر عیسی خان پارک میں معمول کی چل قدمی (واک) کر رہے تھے کہ گاڑی سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے ان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔

فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ زخمی رہنماء کو فوری طور پر ٹیچنگ اسپتال تربت منتقل کردیا گیا۔

ڈاکٹروں کے مطابق انہیں دو گولیاں لگی ہیں ایک کندھے پر اور دوسری ٹانگ پر خون زیادہ بہہ جانے سے ان کی حالت تشویشناک ہے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

واضح رہے کہ میر اسلم بلیدی سابق صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی کے تایا ہے اور وہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 258 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ہیں۔

دریں اثناء نگراں صوبائی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی اور انہیں علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی محکمہ داخلہ بلوچستان سے واقعے کی رپورٹ طلب کی۔

firing

بلوچستان

turbat

Aslam Buledi