یہودی مصنوعات کے بائیکاٹ اور پاکستانی مصنوعات کے فروغ کیلئے ’میرا برانڈ پاکستان‘ نمائش
پاکستان بزنس فورم نے یہودی مصنوعات کے بائیکاٹ اور پاکستانی مصنوعات کے فروغ کیلئے ”میرا برانڈ پاکستان“ کے عنوان سے کراچی کے ایکسپو سینٹر میں ایک نمائش کا انعقاد کیا ہے۔
وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے ایکسپو سینٹرمیں نمائش کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سعد خالد نے کہا کہ اس نمائش کا انعقاد پاکستان بزنس فورم کی جانب سے کیا گیا ہے، جس کا منافع غزہ کے مسلمانوں تک پہنچایا جائے گا۔
نگراں صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ اس کا مقصد پاکستانی پراڈکٹ کو پروموٹ کرنا ہے، اس سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کو پتا چلے گا کہ ہماری اشیاء معیاری ہیں، دنیا کو پیغام جائے گا کہ ہم اپنے فلسطینی مسلمانوں کو نہیں بھولے۔
انہوں نے کہا کہ جو ظلم ہورہا ہے کم از کم زبان سے تو بولیں اور ان کی مدد کریں۔
جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے نمائش کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتنی شاندار نمائش پرٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ادارہ نورِ حق میں پاکستانی کمپنیوں کی کانفرنس منعقد کی گئی، ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ پاکستانی اشیاء کی ایکسپو منعقد کریں اور نمائش کا منافع غزہ کے مظلومین تک پہنچائیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ میرا برانڈ پاکستان کا مقصد اپنی پراڈکٹ کو پروموٹ کرنا ہے، بین الاقوامی پراڈکٹ کی مارکیٹنگ بہت ہوتی ہے، پاکستانی پراڈکٹ کو وہ سرمایہ حاصل نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دوسرے شہروں سے بھی لوگ یہاں آئے ہیں۔
حافظ نعیم نے کہا کہ مسلم امہ کو جو کردار ادا کرنا چاہیے وہ نہیں کر رہے، ہمیں اعتماد پیدا کرنا ہے کہ پاکستانی پراڈکٹ استعمال کرنے پر فخر ہو، میرا برانڈ پاکستان کا مقصد اپنی پراڈکٹ کو پروموٹ کرنا ہے، لوگوں کو پتہ چلے کہ یہ لوگ اپنی کمپنی بہت اچھی طرح چلاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے بین الاقوامی پراڈکٹ کی مارکیٹنگ بہت ہوتی ہے، پاکستانی پراڈکٹ کو وہ سرمایہ حاصل نہیں ہوتا۔
حافظ نعیم نے کہا کہ اسرائیل بمباری کررہا ہے، مسلم امہ کو جو کردار ادا کرنا چاہیے وہ نہیں کر رہے، وہ تو پوری امت کی طرف سے مسجد اقصیٰ کے تحفظ کے لئے کھڑے ہیں، ان برانڈز کا شکریہ ادا کرنا ہوگا کہ انہوں نے پوری دنیا کی آنکھیں کھولی ہیں، بہت بڑی سرمایہ کاری چاہیے ہوتی ہے تب لوگ پراڈکٹ کو استعمال کرتے ہیں، لیکن چند دنوں میں لوگوں کو آگاہی ہوئی کہ وہ پاکستانی برانڈ ڈھونڈنے لگے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی برانڈ کا بھی فرض بنتا ہے کہ وہ ایمانداری سے کام کریں، پاکستان 25 کروڑ لوگوں کا ملک ہے، پاکستان کے پاس ایکسپورٹ کے بہت مواقع ہیں، ایکسپورٹ بڑھے گی اگر ہم اپنی ایکسپورٹ کو بڑھائیں گے، پاکستانیوں میں وہ اعتماد پیدا کرنا ہے کہ پاکستانی پراڈکٹ استعمال کرنے پر فخر ہو۔
خیال رہے کہ ”میرا برانڈ پاکستان“ نمائش کراچی کے ایکسپو سینٹر میں 20 اور 21 جنوری تک چلے گی۔
Comments are closed on this story.