Aaj News

ہفتہ, مئ 04, 2024  
26 Shawwal 1445  

لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی 9 مئی کے 7 مقدمات میں عبوری ضمانتیں بحال کردیں

انسداد دہشتگری عدالت کو ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگا کر ضمانتوں پر فیصلہ کرنے کی ہدایت
شائع 23 جنوری 2024 06:14pm

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق چیئرمین عمران خان کی 9 مئی کے 7 مقدمات میں عبوری ضمانتیں بحال کردیں۔

لاہورہائیکورٹ کی جسٹس مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے عمران خان کی 9 مئی کے 7 مقدمات میں عبوری ضمانت خارج کرنے کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔

انسداد دہشت گری کی خصوصی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ سمیت 7 مقدمات میں عبوری ضمانتیں عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کیں تھی، جس پر عمران خان نے اے ٹی سی سے عدم پیروی کی بنیاد پر ضمانتیں خارج کرنے کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

سابق چئیرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان توشہ خانہ میں گرفتاری سے قبل عدالت میں پیش ہوتے رہے، ان کے خلاف کچھ کیسز میں ضمانتوں پر دلائل مکمل ہوچکے تھے، عدالت ان ضمانتوں پر سابق چئیرمین پی ٹی آئی کو ذاتی حیثیت میں جیل سے طلب کرتی مگر معزز جج صاحب نے ایسا نہیں کیا اور عدم پیروی کی بنیاد پر ضمانتیں خارج کر دیں لہذا عدالت اے ٹی سی عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کا حکم دے۔

پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے مخالفت میں دلائل دیے اور کہا کہ عمران خان سزا یافتہ ہیں، اس لیے ان کی عبوری ضمانتیں خارج ہوئیں، سزا یافتہ ہونے کی وجہ سے ان کو یہ ریلیف نہیں مل سکتا۔

جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیے کہ ہمارے سامنے معاملہ یہ ہے کہ درخواست گزار کو جیل میں ڈال دیا گیا، اس بنا پر ان کی عبوری ضمانتیں خارج ہوگئیں۔

عدالت نے ڈی آئی جی انوسٹیگیشن سے استفسار کیا کہ درخواستگزار کے بارے میں آپ کی کیا تفتیش ہے؟ جس پر ڈی آئی جی انوسٹیگیشن عمران کشور نے کہا کہ سابق چئیرمین پی ٹی آئی 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہیں ان پر جرم ثابت ہوتا ہے۔

دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے سابق چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانتوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے 9 مئی کے 7 مقدمات میں ان کی عبوری ضمانتیں بحال کردیں۔

عدالت نے انسداد دہشت گری کی خصوصی عدالت کو ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگا کر ضمانتوں پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔

مزید پڑھیں

امریکی سائفر باجوہ کیلئے آیا تھا جس کا شاہ محمود کو اتفاقاً علم ہوا، عمران خان

عمران خان کے جیل میں ہونے پر چیف جسٹس سے اپیل کریں گے، علیمہ خان

سلمان اکرم راجہ نے خود کو آزاد امیدوار قرار دینے کا اقدام چیلنج کردیا

pti

imran khan

Lahore High Court

9 May

MAY 9 RIOTS

9 May Cases

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div