Aaj News

ہفتہ, مئ 04, 2024  
25 Shawwal 1445  

انتخابات میں 11 دن باقی ، سیاسی پارہ ہائی، سیاسی جماعتیں آج بھی جلسے کریں گی

دونوں جماعتوں نے اپنے اپنے منشور پیش کردیے
اپ ڈیٹ 28 جنوری 2024 12:11pm

عام انتخابات 2024 کے انعقاد میں گیارہ دن باقی رہ گئے ہیں، جس کے باعث ملک میں سیاسی جوش و خروش میں اضافہ ہوگیا ہے۔ انتخابی مہم تیز ہوچکی ہے، شہر شہر جلسے، ریلیاں اور کارنر میٹنگز جاری ہیں، اسی گہما گہمی کے چلتے مسلم لیگ (ن) آج سیالکوٹ اور ڈسکہ میں جلسہ کرے گی، جن سے نواز شریف خطاب کریں گے، جبکہ پیپلز پارٹی آج راولپنڈی میں پاور شو کرے گی، جس سے بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔

انتخابات قریب آتے ہی ملک میں سیاسی پارہ بھی ہائی ہوچکا ہے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ آمنے سامنے آگئے ہیں، بلاول بھٹو نے ٹوئٹر پر شہباز شریف کو بھرپور جواب دیا اور لیگی قائد کو مناظرے کی پھر پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف مجھ سے خیرپور گمبٹ میں مناظرہ کرلیں، گمبٹ کا اسپتال پنجاب کے اسپتالوں سے بہتر ہے، کراچی کے این آئی سی وی ڈی کے باہر مباحثہ کرلیں۔

بلاول نے کہا کہ میاں صاحب راہ فرار اختیار نہ کریں، براہ کرم بتائیں کہ کس شہر میں مباحثہ کرنا ہے؟

دوسری جانب گزشتہ روز ”پاکستان کو نواز دو“ کے نام سے ن لیگ کا انتخابی منشور بھی پیش کیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے گا، آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا، چھوٹے کسانوں کو سود سے پاک قرض دیا جائے گا، کم آمدن والے افراد کے لیے علاج کی مفت سہولت ہوگی۔

منشور میں ایک کروڑ سے زائد نوکریوں کی فراہمی کا وعدہ کیا گیا ہے، ہر صوبے میں کینسر اسپتال کی تعمیر منشور کا حصہ ہے، تعلیم کے لیے بجٹ بڑھایا جائے گا، یونیورسل ہیلتھ کوریج اور انشورنس بھی منشور میں شامل ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی ”چنو نئی سوچ کو“ کے عنوان سے انتخابی منشور جاری کیا جسے معاشی معاہدہ قرار دیا۔

اس منشور کے مطابق اجرت پر کام کرنے والوں کی حقیقی آمدن کو دوگنا کیا جائے گا، بے زمینوں کو مکان دیے جائیں گے، بھوک مٹاؤ پروگرام شروع ہوگا، ہاری کسان، مزدور اور یوتھ کارڈ جاری کیا جائے گا۔

پیپلز پارٹی آج راولپنڈی میں سیاسی پاور شو کرے گی، جس سے بلاول بھٹو خطاب کریں گے، جلسہ گاہ کے چاروں اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں۔

سی پی او راولپنڈی کہتے پیں کہ دو ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے اور جلسہ گاہ کے اطراف تمام اونچی عمارتوں پر اسنائپر تعینات ہوں گے۔

اس کے علاوہ جے یو آئی (ف) نے سکھر میں پنڈال سجا لیا ہے، مسجد منزل گاه پر جلسے سے مولانا فضل الرحمان اور دیگر رہنما خطاب کریں گے۔

پنڈال میں پانچ ہزار سے زائد کرسیاں لگادی گئی ہیں۔

Nawaz Sharif

Bilawal Bhutto Zardari

Pakistan People's Party (PPP)

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)

pmln jalsa

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

Election Manifesto

ppp jalsa

Election Jan 28 2024

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div