Aaj News

جمعرات, مئ 02, 2024  
24 Shawwal 1445  

کراچی میں 8 سے 10 تھریٹ الرٹس ہیں، نگراں وزیر داخلہ

سندھ کے کسی شہر سے ابھی تک کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی، حارث نواز
اپ ڈیٹ 08 فروری 2024 02:09pm

نگران وزیر داخلہ حارث نواز کا کہنا ہے کہ کراچی میں 8 سے 10 تھریٹ الرٹس ہیں ، اسی لیے انٹرنیٹ اور موبائل سروس کو سیکیورٹی کے تحت بند کیا گیا ہوگا ۔

حارث نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اچھے ماحول میں پولنگ کا عمل جاری ہے، میں نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کیا ہے، ہر ایک کو معلوم ہے اس نے کس پولنگ اسٹیشن پر جانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں تھریٹ تھے اس لیے انٹرنیٹ اور موبائل سروس کو سیکیورٹی کے تحت بند کیا گیا ہوگا، رات کو تھریٹ ملے ہیں۔ کراچی میں نہیں پورے ملک میں انٹر نیٹ سروس بند کی گئی جس سے انتخابات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرامن الیکشن چل رہے ہیں کوئی شکایت نہیں آئی، موبائل سروس شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے بند کیا گیا، الیکشن کمیشن کا اپنا نیٹ ورک چل رہا ہے، الیکشن کمیشن کا سسٹم بالکل ٹھیک کام کر رہا ہے۔

نگراں وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ عوام سے درخواست ہے اپنا قومی فریضہ ادا کریں، عوام کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔ میری لوگوں سے گزارش ہے کے ووٹ ڈالنے نکلیں، لوگوں میں آگاہی ہے، ٹرن آؤٹ 50 فیصد سے زیادہ ہوگا۔

واضح رہے کہ عام انتخابات کے لیے پولنگ کے وقت کا آغاز ہوگیا ہے، پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

آج 12 کروڑ 85 لاکھ سے زائد ووٹر قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں میں امیدواروں کو چنیں گے۔

اس مرتبہ ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ 17 ہزار 816 امیدوار میدان میں ہیں، 882 خواتین امیدوار اور 4 خواجہ سرا بھی جنرل نشستوں پر الیکشن لڑ رہے ہیں، قومی اسمبلی کے لیے5121 امیدوار میدان میں اترے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے لیے 6710، خیبر پختونخوا اسمبلی کے لیے 1834، بلوچستان اسمبلی سے 1237 اور سندھ اسمبلی کے لیے 2878 امیدوار مقابلے میں ہیں۔

عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جس میں سے 27 ہزار 628 حساس اور 18 ہزار 437 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

karachi

Haris Nawaz

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

caretaker interior minister sindh

karachi threat

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div