Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

پشاور میں موٹرسائیکل پر بارودی مواد لے جانے کے دوران دھماکا، ہلاک دہشتگردوں کی شناخت مکمل

پشاور کے بورڈ بازار میں دھماکے سے متعلق ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی
اپ ڈیٹ 10 مارچ 2024 04:33pm

پشاور کے علاقے بورڈ بازار کے قریب موٹرسائیکل میں دھماکے سے 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

پشاور کے علاقہ بورڈ بازار میں صبح سویرے دہشت گردی کی کوشش ناکام ہوگئی، مبینہ دہشت گرد خود اپنے گھناؤنے منصوبے کا شکار بن گئے۔

دہشت گرد بارودی مواد ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کر رہے تھے کہ دھماکا ہوگیا، ایک ملزم موقعے پر ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا اسپتال میں دم توڑ گیا۔

دھماکے میں زخمی ہونے والا تیسرا ملزم خیبرٹیچنگ اسپتال میں زیرعلاج ہے، ملزم سے تفتیش میں اہم انکشافات متوقع ہیں۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی کے مطابق بورڈ بازار ناصر باغ روڈ کی مرکزی شاہرہ پر موٹر سائیکل پر بارودی مواد سے دھماکا ہوا، دھماکے کی نوعیت اور بارودی مقدار کے حوالے سے تفتیش ہورہی ہے۔

کاشف آفتاب عباسی نے مزید کہا کہ جائے وقوعہ سے انسانی جسم کے اعضاء ملے ہیں، دھماکے کی نوعیت کو جانچنے کے لیے ٹیمیں کام کررہی ہیں، دھماکے میں زخمی اور ہلاک ہونے والوں کی تصدیق کررہے ہیں۔

مبینہ حملہ آوروں کی شناخت مکمل

سی ٹی ڈی کے مطابق تینوں دہشت گردوں کی شناخت مکمل ہوگئی ہے، دہشتگرد 5 کلو گرام بارودی مواد لے کر اپنے ہدف تک جارہے تھے، دھماکے میں ہلاک دہشتگرد کا تعلق دیر سے تھا اور وہ پشاور میں عارضی رہائش پزیر تھا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق حملہ آوروں کی شناخت محمد سلمان اور عامر کے ناموں سے ہوئی ہے، زخمی ہونے والے دہشت گرد کا نام عثمان ہے، تینوں دہشت گرد ایک موٹر سائیکل پر سوار تھے۔

ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی کی میڈیا سے گفتگو

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی نے کہا کہ بی ڈی یو کی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں 4 سے 5 کلو بارودی مواد استعمال ہوا، سفر کے دوران ہی دھماکا ہوا، دھماکا پلان کے مطابق تھا یا نہیں، یہ قبل از وقت ہوگا۔

کاشف آفتاب عباسی نے کہا کہ دھماکے میں 2 ملزمان ہلاک اور ایک زخمی ہے، دھماکا خودکش تھا یا نہیں ابھی نہیں کہہ سکتے، بارودی مواد ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جایا جارہا تھا، بارودی مواد کو لے جاتے ہوئے راستے میں ہی دھماکا ہوا، ٹارگٹ کس کو کررہے تھے ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے، پولیس مزید تفتیش کررہی ہے، تینوں ملزمان ایک موٹر سائیکل پر سوار تھے۔

پشاور دھماکے سے متعلق ابتدائی رپورٹ تیار

پشاور کے علاقے بورڈ بازار کے قریب موٹرسائیکل میں ہونے والے دھماکے سے متعلق ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی۔

ذرائع کے مطابق واقعے میں کسی شہری کو نقصان نہیں پہنچا، ہلاک اور زخمی ہونے والے دہشت گرد ہیں، ہلاک اور زخمی دہشتگردوں کی شناخت ہوگئی۔

ذرائع نے بتایا کہ ہلاک اور زخمی دہشت گرد کا تعلق پشاور سے ہیں، ہلاک اور زخمی دہشت گرد سی ٹی ڈی کو مطلوب تھے، دہشت گردوں سے موبائل فونز اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے ۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے رپورٹ طلب کرلی

دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے بورڈ بازار دھماکے کی مذمت کی ہے۔

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے انسپیکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سے دھماکے کی رپورٹ طلب کر لی۔

وزیراعظم کی شدید مذمت

ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے بھی پشاور کے بورڈ بازار میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیراعظم نے پشاور بورڈ بازار میں دہشت گرد حملہ ناکام بنانے پر پشاور پولیس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہم بڑے نقصان سے بچ گئے اور دہشت گرد جہنم واصل ہوئے، دہشت گردی کے خلاف پولیس اور سیکیورٹی فورسز سیسہ پلائی دیوار ہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔

peshawar

Blast

peshawar blast

motercycle blast

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div