Aaj News

بدھ, مئ 01, 2024  
22 Shawwal 1445  

نواز شریف پارٹی کی قیادت دوبارہ سنبھال سکتے ہیں، عرفان صدیقی

خان صاحب پر جیل میں روز کا 20 سے 22 ہزار روپے کھانے کا خرچہ آرہا ہے، عرفان صدیقی
شائع 25 مارچ 2024 11:00pm

اسحاق ڈار کو کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا چئیرمین مقرر کیے جانے کے بعد انہیں ہٹائے جانے پر رانا ثناء اللہ کے دیے گئے بیان کہ یہ فیصلہ ضروری تھا، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ اس کی تشریح تو رانا ثناء اللہ ہی کرسکتے ہیں، اس فیصلے پر نواز شریف سے ضرور مشاورت کی گئی ہوگی۔

آج نیوز کے پروگرام ”اسپاٹ لائٹ“ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پہلے آپشن کے طور پر کوشش کی کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر حکومت بنائے، پی ٹی آئی کے انکار کے بعد ’کوئی آپشن نہیں تھا اس کے علاوہ کہ پیپلز پارٹی اور ہم مل کر حکومت بنائیں‘۔

انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے درمیان حکومت سازی کا معاہدہ ہوجاتا تو ہم نے کوئی رخنہ نہیں ڈالنا تھا، ہم آرام سے اپوزیشن میں بیٹھ جاتے۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے بنیادی فیصلہ وزیراعظم نے کرنا ہوتا ہے، لیکن ان فیصلوں میں اتحادی بھی شامل تھے، شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کرکے نواز شریف کو آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’کم سے کم مجھے معلوم تھا کہ نواز شریف وزارت عظمیٰ نہیں لیں گے‘۔ انہیں خدشہ تھا کہ حلقوں میں میرے حوالے سے کچھ خدشات ہیں جو آڑے آسکتے ہیں۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ مستقبل قریب میں ممکن ہے کہ نواز شریف پارٹی کی قیادت دوبارہ سنبھال لیں۔

عمران خان کی جیل میں مراعات اور اخراجات پر کئے گئے ٹوئٹ پر انہوں نے کہا کہ اس کو 48 گھنٹے گزر گئے ہیں لیکن ابھی تک اس پر نہ تو کوئی وضاحت آئی ہے اور نہ تردید آئی ہے، جیل میں ایک قیدی کیلئے 1100 روپے ملتے ہیں جس میں اس کا ناشتہ، دن کا کھانا اور رات کا کھانا شامل ہے، ’خان صاحب پر روز کا 20 سے 22 ہزار روپے کھانے کا خرچہ آرہا ہے‘، ان کا گھر سے کھانا نہیں آرہا، ان کا کھانا وہیں پکتا ہے وہیں بنتا ہے۔

ملک میں ایکس کی بندش کے سوال پر عرفان صدیقی نے ڈانلڈ لو کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’آزادی کی ایک حد ہوتی ہے اور آزادی جب ایک خاص دائرے میں داخل ہوجائے تو نقصاندہ ہوتی ہے پھر اس کی اجازت نہیں دی جاسکتی‘۔

Maryam Nawaz Sharif

irfan siddiqui

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div