Aaj News

بدھ, مئ 01, 2024  
22 Shawwal 1445  

پی ٹی آئی نے سعودی عرب سے متعلق شیر افضل مروت کے بیان سے لاتعلقی کا اعلان کردیا

پاکستان نے ایران اور افغانستان کے لیے امریکہ کو بلوچستان میں دو اڈے دے دیے ہیں، شیر افضل مروت کا دعویٰ
شائع 17 اپريل 2024 05:08pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی قیادت اور ترجمان نے شیر افضل مروت کے رجیم چینج آپریشن میں سعودی عرب کے کردار کے حوالے سے پیش کردہ خیالات کو حقائق سے یکسر منافی قرار دے کر ان سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کر دیا۔

گزشتہ روز شیر افضل مروت نے غریدہ فاروقی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ رجیم جینج آپریشن میں امریکہ کے ساتھ ساتھ سعودی عرب بھی شامل تھا۔

شیر افضل مروت کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی عرب کا اعلیٰ سطح کا وفد وزیر خارجہ کی سربراہی میں پاکستان کے دورہ پر آیا ہوا ہے۔

انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ پاکستان نے ایران اور افغانستان کے لیے امریکہ کو بلوچستان میں دو اڈے دے دیے ہیں۔

ان بیانات کے بعد ترجمان پی ٹی آئی کی جانب سے آج ایک وضاحتی بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ شیر افضل مروت صاحب کے خیالات پاکستان تحریک انصاف کی حکمتِ عملی یا مؤقف کی کسی طور پر بھی نہ تو غمازی کرتے ہیں نہ انہیں حقیقت پر مبنی بیان سمجھتے ہیں۔ یہ کلیتاً ان کی ذاتی رائے تو ہوسکتی ہے جسے کسی سطح پر بھی پاکستان تحریک انصاف کی قیادت یا کارکنان کی تائید و توثیق حاصل نہیں۔

ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب کا شمار پاکستان کے نہایت قریبی اور بااعتماد برادر اسلامی ممالک میں ہوتا ہے جس کی حکومت اور عوام سے پاکستان کے تعلقات کو بانی چیئرمین عمران خان، پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان نہایت قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور سعودی ولی عہد اور وزیراعظم عزت مآب جناب محمد بن سلمان کے مابین باہم احترام، اعتماد اور برادرانہ اخوت کا رشتہ قائم ہے جسے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان نہایت اہمیت کا حامل سمجھتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات پاکستان اور سعودی عرب کے مشترکہ کثیرالجہتی مفادات کے امین اور لائقِ تحسین ہیں۔

ترجمان کے مطابق پاکستان تحریک انصاف ماضی اور حال کی طرح مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے مابین قریبی اشتراک اور بھائی چارے کے فروغ کی خواہاں اور سعودی قیادت و عوام کی فلاح و ترقی کے حوالے سے نیک تمنّاؤں کے اظہار کے ساتھ اس ضمن میں بطور جماعت اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔

Saudia Arabia

regime change

Sher Afzal Marwat

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div