Aaj News

جمعہ, دسمبر 06, 2024  
03 Jumada Al-Akhirah 1446  

قومی اسمبلی میں دوران اجلاس بجلی کا بریک ڈاؤن، ایوان تاریکی میں ڈوب گیا

بجلی بریک ڈاؤن پر اراکین قومی اسمبلی نے ’لوڈ شیڈنگ نامنظور‘ کے نعرے بھی لگائے
شائع 23 اپريل 2024 09:35pm

قومی اسمبلی میں اجلاس کے دوران بجلی بریک ڈاؤن ہوا، جس کے باعث ایوان میں اندھیرا چھا گیاتاہم کچھ لمحوں میں بجلی بحال کردی گئی، بجلی بریک ڈاؤن پر اراکین قومی اسمبلی نے ’لوڈ شیڈنگ نامنظور‘ کے نعرے بھی لگائے۔

اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس میں سنی اتحاد کونسل کے رکن اور اپوزیشن لیڈر کے اظہار خیال کے دوران ایوان کی لائٹ اچانک سے بند ہوگئی۔

بجلی بریک ڈاؤن ہونے کی وجہ سے ایوان تاریکی میں ڈوب گیا اور تمام مائیک بھی بند ہوگئے۔

بجلی بریک ڈاؤن پر اراکین قومی اسمبلی نے ’لوڈ شیڈنگ نامنظور‘ کے نعرے بھی لگائے تاہم کچھ ہی دیر کے بعد بجلی دوبارہ سے بحال ہوگئی۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ سسٹم کو ری بوٹ کرنے تھوڑا سا ٹائم لگتا ہے، قومی اسمبلی کا اپنا سولر سسٹم ہے وہاں سے بجلی آتی ہے۔

سود کے خاتمے کیلئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی بنانے کا مطالبہ

قومی اسمبلی اجلاس میں ایک مرتبہ پھر سود کے خاتمے کی آواز گونج اٹھی، اپوزیشن نے سود کے خاتمے کے لیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی بنانے کا مطالبہ کردیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا اجلاس میں ایم کیوایم کے رکن مصطفی کمال، علی محمد اور دیگر نے ملک سے سود کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شریعت کورٹ کے فیصلے کی روشنی ملکی معیشت کو سود سے پاک کیا جائے، سود اللہ اور اس کے رسول کے ساتھ جنگ ہے ۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے جواب دیتے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آرہی کہ ایوان میں کس ایشو پر اتنی جذباتی تقریریں کی جارہی ہیں شریعہ کورٹ نے اس حوالے سے فیصلہ کیا اور اس پر عمل ہورہا ہے بنکوں کی بہت ساری برانچز اس نظام پر شفٹ ہوچکی ہے، عمل درآمد کا وقت پانچ سال کا ہے ہم اس ڈائریکشن میں جارہے ہیں۔

قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے محمد اورنگزیب کو وزیر خزانہ بننے پر مبارکباد دی ، ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کی معیشت آئین اور قانون کی پاسداری سے منسلک ہےحکومت وقت نے سرمایہ کاروں کا گلہ گھونٹ دیا۔

آبی حقوق سے متعلق زرتاج گل کے توجہ دلاؤ نوٹس پر وزیر قانون نے کہا کہ خدا کے لیے قانونی معاملات پر سیاست نہ کریں بھارت آبی معاہدے سے نکلنا چاہتا ہے تاکہ ہم پر جنگیں مسلط کرسکے۔

کراچی خصوصاً لیاری میں 16 سے 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا معاملہ پیپلزپارٹی کے اراکین کی جانب سے ایوان میں پیش کیا گیا جس پر وزیر توانائی اویس لغاری نے کے الیکٹرک سے معاملہ اٹھانے کی یقین دہانی کروائی۔

شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر کا دورہ خوش آئند ہے، حکومتی ترجمان جواب دیں گیس پائپ لائن کے حوالے سے کیا اپ ڈیٹ ہے؟ ملک میں مسلسل گیس کے ذخائر کم ہورہے ہیں، اس لیے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل کیا جائے،، اس حوالے سے کسی قسم کی پابندیوں کو خاطر میں نہ لایا جائے۔

عامر ڈوگر نے کہا کہ شیر افضل مروت نے اتنا اہم نقطہ اٹھایا لیکن ایوان میں کوئی وزیر نہیں،،جناب اسپیکر آپ رولنگ دیں اور متعلقہ وزیر کو بلائیں۔

اسلام آباد

National Assembly

speaker national assembly

ayaz sadiq

electricity breakdown