Aaj News

بدھ, مئ 15, 2024  
06 Dhul-Qadah 1445  

وزیراعظم کی ایک ماہ میں محمد بن سلمان سے دوسری ملاقات ،سرمایہ کاری پر بات چیت

تقریب کے دوران وزیر اعظم نے شاہی ولی عہد شہزادہ سے مختلف امور پر تبادلہ خیال
اپ ڈیٹ 29 اپريل 2024 09:43am
فوٹو۔۔۔ اے پی پی
فوٹو۔۔۔ اے پی پی

دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، شہباز شریف کی ایک ماہ کے اندر محمد بن سلمان سے یہ دوسری ملاقات ہے۔

وزیراعظم نے اتوار کی شام ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے دیے گئے خصوصی ڈائیلاگ اور گالا ڈنر میں شرکت کی۔

تقریب کے دوران وزیر اعظم نے شاہی ولی عہد شہزادہ سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ڈبلیو ای ایف کے خصوصی اجلاس کے کامیاب انعقاد اور میزبانوں کے شاندار انتظامات پر سعودی قیادت کو مبارکباد دی۔

اپریل میں دونوں کے درمیان یہ دوسری ملاقات تھی۔ ان کی ملاقات اس سے قبل 8 اپریل کو ہوئی تھی جب شہباز شریف رمضان المبارک میں عمرہ کرنے سعودی عرب میں تھے۔

اپنی سابقہ ​​ملاقات کو یاد کرتے ہوئے، وزیراعظم نے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کی قیادت میں اعلیٰ اختیاراتی وفد پاکستان بھیجنے پر ولی عہد شہزادہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس وفد نے اپنے پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو کو بڑھانے کے طریقوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا تھا۔

محمد بن سلمان سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ اپنے ساتھ ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد کو ریاض لائے ہیں، جس میں سرمایہ کاری کے ذمہ دار اہم وزراء بھی شامل ہیں، تاکہ متعلقہ حکام کے درمیان فالو اپ میٹنگز ہو سکیں۔

وزیر اعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی صحت، خوشی اور درازی عمر کے لیے اپنی دعائیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دوطرفہ تعلقات کے علاوہ علاقائی صورتحال بالخصوص غزہ کے بحران کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے شاہی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔

Saudia Arabia

Mohammed bin Salman