Aaj News

اتوار, مئ 19, 2024  
10 Dhul-Qadah 1445  

منسوخ پروازوں کے ٹکٹ بیچنے پر ایئر لائن کو بھاری جرمانہ

کینٹاس 10 کروڑ جرمانہ اور صارفین کو 2 کروڑ ڈالر ہرجانہ دے گی، آٹھ ہزار پروازوں کے ٹکٹ فروخت کیے گئے تھے
شائع 06 مئ 2024 12:34pm

آسٹریلین ایئر لائن Qantas کو منسوخ پروازوں کے ٹکٹ بیچنے پر 12 کروڑ ڈالر جرمانے کا سامنا ہے۔ ایئرلائن نے جرمانے کی مد میں 10 کروڑ ڈالر اور مسافروں کو اُن کے نقصان کے ازالے کے طور پر 2 کروڑ ڈالر دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ مسافروں کو 225 سے 450 ڈالر تک ادا کیے جائیں گے۔

کینٹاس اور کنزیومر واچ ڈاگ کے درمیان ڈیل ہوگئی ہے۔ کینٹاس نے اپنے سسٹم کی منسوخ پروازوں کے ہزاروں ٹکٹ فروخت کردیے تھے۔

کینٹاس نے پیر کو اعلان کیا کہ جرمانے اور ازالے کی مد میں ادائیگی کے حوالے سے اس کے اور آسٹریلین کمپیٹیشن اینڈ کنزیومر کمیشن کے درمیان ڈیل ہوگئی ہے۔ یہ معاملہ گزشتہ اگست سے عدالت میں تھا۔

جن منسوخ پروازوں کے ٹکٹ فروخت کیے گئے اُن کی تعداد 8 ہزار سے زیادہ ہے۔ اس اسکینڈل کے باعث کینٹاس کے سابق سی ای او ایلن جوائس کو قبل از وقت ریٹائرمنٹ لینا پڑی۔

آسٹریلیا میں یہ کارپوریٹ جرمانے کا سب سے بڑا کیس ہے۔ آسٹریلین کنزیومر لا کی خلاف ورزی کے حوالے سے سب سے بڑا کیس 2019 میں واکس ویگن کا تھا جب اُس نے صارفین کو دھوکا دینے پر 12 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا ہرجانہ ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

کینٹاس نے جس جرمانے پر آمادگی ظاہر کی ہے وہ فیڈرل کورٹ آف آسٹریلیا کی منظوری کے بعد ادا کیا جائے گا۔

اے سی سی اے کی سربراہ جینا کاس گوٹیلیب نے بتایا کہ تصفیے کے تحت کینٹاس نے تسلیم کیا ہے کہ اُس نے اپنے صارفین کو دھوکا دیا۔ یہ ناقابلِ قبول بات ہے کیونکہ بہت سوں نے چھٹیاں لے کر تفریحی دوروں کی منصوبہ سازی کی ہوگی۔ اُنہوں نے بتایا کہ کینٹاس نے تحریری ضمانت دی ہے کہ اب ایسی کوتاہی نہیں ہوگی۔

QANTAS AIR LINE

HEAVY PENALTY IN FINAL SETTLEMENT

SOLD TICKETS OF CANCELLED FLIGHTS