Aaj News

پیر, جون 17, 2024  
10 Dhul-Hijjah 1445  

بشام حملے کا معاملہ افغانستان کے سامنے اٹھایا، کوئی مثبت جواب نہیں ملا، وزیر داخلہ

ہمیں اندازہ ہے کہ کونسی طاقتیں ہیں جو پاکستان کے حالات خراب کرنا چاہتی ہیں، محسن نقوی
اپ ڈیٹ 27 مئ 2024 10:24am

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ چینی شہریوں پر حملے میں افغانستان کی سرزمین استعمال ہوئی۔

لاہور میں نیکٹا حکام کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سی پیک کی شکل میں پاک چین تعاون جاری ہے اور ہمیں بالکل یقین ہے کہ وہ ہماری اور ہم ان کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ میں یہ تصدیق کرنا چاہتا ہوں کہ بشام میں چینی شہریوں پر حملے میں افغانستان کی سرزمین استعمال ہوئی ہے جس کے اوپر ہمیں سنگین تشویش ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ لوگ خاص طور پر چینی سیکیورٹی کو ٹارگٹ کر رہے ہیں اور انہوں نے پلان کر کے حملہ کیا، ہم نے یہ مسئلہ افغانستان کی عبوری حکومت کے سامنے اٹھایا ہے لیکن اب تک کوئی مثبت نتائج موصول نہیں ہوئے، ہم نے سرحدوں پر بھی سیکیورٹی کو بڑھا دیا ہے، ہمیں اندازہ ہے کہ اس کے پیچھے کونسی طاقتیں ہیں جو پاکستان کے حالات خراب کرنا چاہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم تمام چیزوں کو سمجھتے بھی ہیں، وہ لوگ افغان حکومت کی کمزوری کا فائدہ اٹھا رہے ہیں، سرحدی علاقوں میں کالعدم ٹی ٹی پی جیسے دہشتگردوں کو سہولت پہنچائی جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بشام میں حملے میں 5 چینی شہری اور ایک پاکستانی شہید ہوا تھا، تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک بڑا ٹاسک لیا اور سب نے مل کر اس کیس کو ٹریس کیا اور ایک ایک چیز کا سراغ لگایا اور جو مرکزی لوگ اس میں ملوث تھے ان کو گرفتار کیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چینی سیکیورٹی ہمارے لیے انتہائی اہم ہے، وزیر اعظم کا چین کا وزٹ ہمارے لیے بہت اہم ہے ، اقتصادی طور پر چین کے ساتھ تعاون ہماری معیشت کے لیے اہم ہے اور اس سلسلے میں چینی جو آئے ہیں ان کی سیکیورٹی کو یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے، بشام حملہ افغانستان سے سرانجام دیا گیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیکٹا حکام نے بتایا کہ 26 مارچ کو چینی انجینئر پر بشام میں حملہ کیا گیا، حملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بنائی گئی، موقع سے ایک ایک شواہد کو اکٹھا کیا گیا۔

نیکٹا کے سربراہ رائے طاہر نے بتایا کہ دہشت گردوں کے زیر استعمال گاڑی پاکستان کی نہیں تھی، دہشت گردوں کی گاڑی افغانستان سے پاکستان آئی، حملے کی منصوبہ بندی بھی افغانستان میں ہوئی۔

رائے طاہر کے مطابق خودکش حملہ آور 4 ماہ قبل افغانستان سے پاکستان آیا، حملہ آور کی گاڑی چمن کے قریب سے پاکستان میں داخل ہوئی، گاڑی26مارچ تک پمپ پر کھڑی رہی، بشام حملہ کالعدم ٹی ٹی پی نے کیا جس کے تمام ثبوت موجود ہیں۔

نیکٹا سربراہ کے مطابق دہشت گرد ریمانڈ پر ہیں، ان کا جلد چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا، عدالت سے استدعا کریں گے کہ سخت سے سخت سزا دی جائے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سی ٹی ڈی کے پی محنت سے کام کررہی ہے، سی ٹی ڈی کے پی کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

وزیر داخلہ نے مطالبہ کیا کہ افغان حکومت بختیار، قاری عبداللہ اور خان لالہ کو فوری گرفتارکرے، نور ولی محسود اورعظمت اللہ محسود کو بھی گرفتار کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، افغان حکومت کو جلد از جلد ایکشن لینا چاہئے، افغان حکومت اپنی سرزمین ہمارے خلاف استعمال نہ ہونے دے، ہم اچھے تعلقات چاہتے ہیں، دہشت گرد حملے نہ کیے جائیں، افغانستان میں ٹی ٹی پی کا ہیڈکوارٹر قائم رہے گا ت وچیزیں مشکل ہوجائیں گی۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ پاک افغان سرحد کے کچھ حصے میں باڑ نہیں لگ سکتی، افغانستان سے آنے والی گاڑی کو مختلف مقامات پر چیک کیا گیا، ہم سب کو مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہے۔

mohsin naqvi

Attack on Chinese Citizen