Aaj News

منگل, دسمبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی: این اے 231 میں ووٹوں کی گنتی پر تنازع، ووٹوں کے تھیلے کو آگ لگادی

ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے دوران 2 جماعتوں کے کارکن آمنے سامنے، شدید ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ، واقعہ کی رپورٹ ارسال
اپ ڈیٹ 11 اکتوبر 2024 02:56pm

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 231 کے 4 پولنگ اسٹیشنز میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے دوران شدید ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی، جہاں مشتعل افراد نے الیکشن کمیشن کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی جبکہ نقاب پوش افراد ووٹوں کے تھیلے کو آگ لگا کر فرار ہوگئے۔

این اے 231 کے 4 پولنگ اسٹیشنز میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے دوران 2 جماعتوں کے کارکن آمنے سامنے آگئے اور ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی شروع کردی۔

عینی شاہد کا بیان

نقاب پوش افراد نے ریجنل الیکشن کمیشن کے دفتر پر حملہ کردیا اور ووٹوں کے تھیلے کو آگ لگا کر فرار ہوگئے۔ مشتعل افراد نے الیکشن کمیشن کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی جس پر پولیس اور رینجرز کی نفری کو طلب کرلیا گیا تاہم پولیس کی بھاری نفری الیکشن کمیشن کے دفتر میں داخل ہوگئی۔

دوسری جانب ریجنل الیکشن کمشنر کے دفتر پر نقاب پوش افراد کے حملے کے بعد واقعے کے عینی شاہد کا بیان سامنے آگیا۔

عینی شاہد زبیر نائب قاصد کا کہنا تھا کہ میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے ہال میں تھا، اچانک نقاب پوش داخل ہوئے، نقاب پوش افراد نے اندر دفتر میں حملہ کیا۔ عینی شاہد نے بتایا کہ میں بھی حملے میں زخمی ہوا، نقاب پوش افراد نے اندر دفتر میں میز الٹ دی۔

اس معاملے کے بعد ریجنل الیکشن کمشنر امتیاز کلہوڑو صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر روانہ ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ اعلی حکام کو ارسال کریں گے۔

الیکشن افسر مشتاق خان نے کہا کہ ہم اپنی جان بچا کر جارہے ہیں، اتنی سیکیورٹی کے بعد یہ واقعہ پیش آیا۔ علاوہ ازیں مشتاق خان نے بتایا کہ رینجرز کی سیکیورٹی کے لئے خط لکھا تھا، پولیس کی سیکیورٹی تعینات تھی۔

آج کا معاملہ الیکشن کمیشن کی کمزوری اور نا اہلی ہے

وزیر داخلہ ضیا لنجار نے ’آج نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کا معاملہ الیکشن کمیشن کی کمزوری اور نا اہلی ہے، الیکشن کمیشن نے چیف سیکریٹری سے میٹنگ میں بھی سیکورٹی کا مطالبہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن کمیشن کا داخلی مسئلہ ہے انہوں نے غلط جگہ پر گنتی کروائی، واقعے کے بعد کی الیکشن کمیشن کی رپورٹ کا جائزہ لے رہے ہیں، انہیں رینجرز سے سیکورٹی لینی چاہیے تھی یا ہوم ڈپارٹمنٹ سے منگوالیتے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ کوئی گرفتاری نہیں ہوئی نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرینگے، نہیں معلوم کہ حملہ کرنے والے پی ٹی آئی کے لوگ تھے یا پیپلز پارٹی کے۔

صوبائی الیکشن کمیشن اور وزیر داخلہ کو واقعے سے متعلق رپورٹ ارسال

ریجنل الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمیشن اور وزیر داخلہ کو واقعے سے متعلق رپورٹ ارسال کردی۔ رپورٹ کے مطابق دوبارہ گنتی کے دوران گیارہ بجے نامعلوم اسلحہ بردار نقاب پوشوں نے ریجنل آفس پر حملہ کیا۔

مسلح افراد نے گیٹ توڑ دیا اور زبردستی دفتر میں داخل ہوئے۔ کمیٹی روم میں داخل ہوکر آفس کی املاک کو نقصان پہنچایا اور زبردستی چار پولنگ اسٹیشن کے پولنگ بیگ اٹھا کر کے گیے۔

رپورٹ کے مطابق ان افراد نے پولنگ بیگز کو دفتر کے سامنے جلادیا اور دوبارہ گنتی کے دوران پولیس کی بھاری نفری اور موبائلز موجود تھیں۔

پولیس کی موجودگی کے باوجود نقاب پوشوں نے دفتر پر حملہ کیا۔ واقعے سے متعلق فوری کاروائی کی جائے اور مقدمہ درج کیا جائے۔

ECP

karachi

Recounting

vote recounting