مخصوص مدت پوری ہونے پر سورج اُلٹ گیا

گیارہ سالہ شمسی چکر کے حتمی مرحلے میں ایک سال تک سورج میں غیر معمولی تبدیلیاں رونما ہوں گی۔
اپ ڈیٹ 17 اکتوبر 2024 09:34am

چند ماہ کے دوران سورج غیر معمولی تبدیلیوں سے گزرا ہے۔ اس دوران سورج پر کئی طوفان برپا ہوئے ہیں جن کے نتیجے میں لاکھوں کلومیٹر کی پلٹیں نکلی ہیں جن سے زمین پر گرمی بھی بڑھی ہے اور مواصلاتی نظام بھی بُری طرح متاثر ہوا ہے۔ سورج کے میگنیٹک قطب الٹ گئے ہیں۔

خلائی تحقیق کے امریکی ادارے ناسا، این او اے اے اور انٹرنیشنل سولر سائیکل پریڈکشن پینل نے اعلان کیا ہے کہ سورج گیارہ سالہ چکر کے دوران اپنی سرگرمیوں کے انتہائی عروج کے مرحلے میں داخل ہوا ہے۔

یہ مرحلہ کم و بیش ایک سال جاری رہے گا۔ اس دوران سورج پر بڑی تبدیلیاں رونما ہوں گی اور اس کے نتیجے میں روئے ارض پر گرمی بڑھے گی اور خلائی ٹیکنالوجیز سے منسلک آلات اور مشینری پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

شمسی چکر کے حتمی مرحلے میں سورج کے مقناطیسی قطب پلٹتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں سورج پر دھبے بڑھیں گے یعنی نئے طوفان پیدا ہوں گے اور بہت بڑی لپٹیں نکلیں گی۔

ناسا کے اسپیس ویدر پروگرام کے ڈائریکٹر جیمی فیورز کہتے ہیں یہ وقت سورج کا مشاہدہ اور تحقیق کرنے والوں کے لیے سنہرے موقع کی طرح ہے۔ ساتھ ہی ساتھ مصنوعی سیاروں، دنیا بھر کے مواصلاتی نظام اور بجلی کے نظام کے لیے مشکلات بھی پیدا ہوں گی۔

موجودہ شمسی چکر، جو سولر سائیکل 25 کہلاتا ہے، پیش گوئیوں کی حد سے آگے نکل گیا ہے یعنی اس دوران سورج پر زیادہ طوفان برپا ہوئے ہیں۔ دی سولر سائیکل پریڈکشن پینل کی شریک چیئر پرسن لیزا اپٹن کہتی ہیں بڑے طوفان برپا تو ہوئے ہیں تاہم وہ اس مرحلے کی متوقع رینج کے اندر ہیں۔

مئی 2024 کے دوران سورج پر کئی بار بہت بڑی لپٹیں پیدا ہوئیں اور زیادہ حدت خارج ہونے سے زمین پر دو عشروں کے دوران طاقتور ترین جیو میگنیٹک طوفان پیدا ہوئے۔

این او اے اے میں اسپیس ویدر آپریشنز کے ڈائریکٹر السید طلعت کا کہنا ہے کہ سورج اگر چہ اپنے پیک پیریڈ میں داخل ہوچکا ہے تاہم اس کی سطح پر تبدیلیوں کی حقیقی شدت کئی ماہ یا شاید کئی سال تک شناخت نہیں کی جاسکیں گی۔

شمسی چکر کے اس حتمی مرحلے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کو سمجھنے اور مزید تحقیق کی راہ ہموار کرنے کے لیے ناسا اور این او اے اے نے بھرپور تیاریاں کرلی ہیں۔ پیش گوئی کی صلاحیت بہتر بنانے سے خلا میں موجود آلات کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے بروقت اقدامات ممکن ہوسکیں گے۔

SOLAR CYCLE

BIG FLARES

GREAT ERUPTIONS

SPACE BASED TECHNOLOGIES

FINAL PHASE

SOLAR POLES FLIP