Aaj News

منگل, مارچ 25, 2025  
25 Ramadan 1446  

مصنوعی سیاسی بحران کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، نواز شریف

ایک گروہ سنجیدہ مذاکرات اور سیاسی افہام وتفہیم کی صلاحیت نہیں رکھتا، سابق وزیراعظم
شائع 19 فروری 2025 05:09pm

مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کا کہنا ہے کہ ایک گروہ سنجیدہ مذاکرات اور سیاسی افہام وتفہیم کی صلاحیت نہیں رکھتا، پاکستان کے عوام اب کسی کو تعمیر و ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے، سیاست اور جمہوریت کے بنیادی اصولوں اور قدروں سے ناواقف گروہ کو اب لانگ مارچوں، دھرنوں اور پُرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی، مصنوعی سیاسی بحران پیدا کرنے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

سابق وزیراعظم نوازشریف سے سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور امور خارجہ قائمہ کمیٹی کے چئیرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے جاتی امرا میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران گفتگو میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ عوام اور بالخصوص ہماری نوجوان نسل کو پُرامن اور ترقی کرتے ہوئے پاکستان کی ضرورت ہے، 2013 میں تعمیر وترقی اور عوامی خوش حالی کا سفر اُسی رفتار سے جاری رہتا تو آج ہمیں آئی ایم ایف کی ضرورت ہوتی نہ کسی اور کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی۔

وقت نے ثابت کیا مخالفین کو بغض، حسد، گالم گلوچ، بدتمیزی کے سوا کچھ نہیں آتا، نواز شریف

نوازشریف نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اُن عناصر کے عزائم کو بے نقاب کرنا چاہیئے جو انتشار پھیلانے اور عدمِ استحکام پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، یہ لوگ سنجیدہ مذاکرات کرنے اور سیاسی افہام وتفہیم کے ساتھ معاملات حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ کو مؤثر طریقے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے اور عوام سے مضبوط رابطے رکھنے چاہئیں۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے صدر مسلم لیگ (ن) کو سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

PMLN

Nawaz Sharif

lahore

Senator Irfan Siddiqui

IRFAN SIDDIQI