Aaj News

اتوار, مئ 25, 2025  
27 Dhul-Qadah 1446  

کراچی میں پہلے روزے پر ہی گرمی، ملک میں پہلا عشرہ ٹھنڈا ٹھار گزرنے کا امکان

آج سے بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی اور وسطی پنجاب اور سندھ میں بارشوں کا امکان
شائع 02 مارچ 2025 08:15am

کراچی میں پہلے روزے پر ہی گرمی نے اپنا رنگ دکھا دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے درجہ حرارت میں ایک سے دو ڈگری سینٹی گریڈ تک اضافہ ہوسکتا ہے۔ دن کے اوقات میں تیز دھوپ کے ساتھ موسم گرم رہے گا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 19 سے 21 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

اس وقت شہر میں مطلع ابرآلود ہے اور ہلکی خنکی کے ساتھ موسم خوشگوار محسوس کیا جا رہا ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جبکہ شمال مغربی سمت سے چھ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

کراچی کی فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر کا فضائی معیار مضر صحت ہے اور کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں بارہویں نمبر پر موجود ہے۔ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 152 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔

دوسری جانب رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں موسم خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی اور وسطی پنجاب اور سندھ میں بارشوں کا امکان ہے، جبکہ کراچی میں تیز ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ملک کے بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دو سے تین مارچ کے دوران کوئٹہ، زیارت، چمن، مستونگ، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ سمیت مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔

karachi weather

Ramadan 2025

ramadan Heat