واہگہ بارڈر پر پرچم کشائی، ”پاکستان زندہ باد“ کے نعرے گونجتے رہے

پاکستان رینجرز کی ولولہ انگیز پریڈ دیکھ کر حاضرین کا جذبہ حب الوطنی مزید بڑھ گیا
شائع 03 مئ 2025 05:42pm
National flag lowering ceremony at Wagah Border - Aaj News

واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی ولولہ انگیز تقریب میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جبکہ شرکاء ہاتھوں میں قومی پرچم تھامے فلک شگاف نعرے لگاتے رہے۔ پنجاب رینجرز کی پریڈ، بالخصوص خواتین اہلکاروں کی شرکت نے شرکاء کے جذبے کو دوچند کر دیا۔ فضا ”پاکستان زندہ باد“ اور ”پاک فوج زندہ باد“ کے نعروں سے گونجتی رہی۔

واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی روایتی تقریب میں وطن سے محبت اور افواجِ پاکستان سے یکجہتی کا فقیدالمثال مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ ہزاروں افراد پر مشتمل عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ قوم متحد ہے اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا جس کے ساتھ ہی فضا میں ملی نغمے گونجنے لگے۔ شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم تھامے ”نعرۂ تکبیر“، ”پاکستان زندہ باد“ اور ”پاک فوج زندہ باد“ کے فلک شگاف نعرے لگا کر ماحول کو وطن پرستی سے بھر دیا۔

پنجاب رینجرز کے ولولہ انگیز مارچ پاسٹ نے شرکاء کا لہو گرما دیا، خاص طور پر رینجرز کی خواتین اہلکاروں کی شرکت نے تقریب کو مزید پرجوش بنا دیا۔ عوام، خصوصاً نوجوانوں، بچوں، بزرگوں اور خواتین نے اپنی افواج کے حوصلے بلند کرنے کے لیے مسلسل تالیاں اور نعرے لگائے۔

حالیہ دنوں میں پہلگام فالس فلیگ اور بھارت کی جھوٹی ”سرجیکل اسٹرائیک“ کے دعوؤں کے پس منظر میں یہ عوامی اجتماع نہ صرف حب الوطنی کا اظہار تھا بلکہ دشمن کو یہ دوٹوک پیغام بھی دیا گیا کہ پاکستانی قوم ہر محاذ پر اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔