وفاقی وزیر کے سیکریٹری کا کلاس فور ملازم پر تشدد، سیکریٹریٹ ملازمین کی قلم چھوڑ ہڑتال کی دھمکی
وفاقی وزیر برائے ثقافت و قومی ورثہ اورنگزیب کھچی کے دفتر کے باہر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ان کے پرائیویٹ سیکرٹری نے مبینہ طور پر ایک کلاس فور کے سرکاری ملازم پر تشدد کیا۔ ذرائع کے مطابق پرائیویٹ سیکرٹری نے ملازم کو نہ صرف تھپڑ مارے بلکہ نازیبا زبان بھی استعمال کی۔
واقعے کے بعد وفاقی سیکرٹریٹ کے ملازمین میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث شخص کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر متعلقہ حکام نے کارروائی نہ کی تو پیر سے قلم چھوڑ ہڑتال شروع کی جائے گی۔
سیکرٹریٹ ملازمین کا کہنا ہے کہ کسی بھی سرکاری ادارے میں نچلے درجے کے ملازمین کے ساتھ اس طرح کا سلوک ناقابل برداشت ہے اور اس کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔
وفاقی وزیر برائے ثقافت و قومی ورثہ اورنگزیب کھچی کے دفتر کے باہر ملازم پر تشدد کے واقعے پر ایکشن لیتے ہوئے وفاقی وزیر ثقافت کے ڈائریکٹر محمد بلال کو معطل کردیا گیا۔ وزارت ثقافت و قومی ورثہ نے ڈائریکٹر کو معطل کرنے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔
واقعے نے وفاقی دفاتر میں ملازمین کے تحفظ اور رویوں کے حوالے سے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔













اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔