پاکستان نے سری لنکا کو ہرا کر سہ ملکی ٹی 20 سیریز جیت لی

لیگ مرحلے میں پاکستان کی پہلی پوزیشن رہی۔
اپ ڈیٹ 29 نومبر 2025 10:33pm

سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریزکے فائنل میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے فائنل میچ پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکن ٹیم نے پہلے کھیل کر 114 رنز بنائے، پاکستان نے مطلوبہ ہدف 19ویں اوور میں پورا کیا۔

پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 36 اور بابراعظم نے37 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ سری لنکا کے 8 بیٹر ڈبل فگر میں نہ پہنچ سکے۔ صرف مشرا نے47گیندوں پر 59رنز اسکور کیے۔

شاہین آفریدی اور محمد نواز نے 3، 3 وکٹیں اور ابرار احمد نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان نے 115 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

سری لنکا کی جانب سے پون رتنائیکے نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

محمد نواز کو  پلیئر آف دی میچ  اور  پلیئر آف دی  سیریز قرار دیا گیا۔ محمدنواز نے فائنل میں چار اوورز میں 17 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ سیریز میں دس وکٹیں حاصل کیں۔

فائنل میچ میں پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی پلیئنگ الیون میں واپسی ہوئی۔ جب کہ وسیم جونیئر کو ڈراپ کیا گیا۔ سری لنکن ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔

وزیراعظم کی ٹیم کو مبارک باد

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے سری لنکا کے خلاف سہ ملکی سیریز کا فائنل جیتنے پر قوم کو مبارکباد دی ہے ۔

اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کے تمام کھلاڑیوں نے اس پوری سیریز کے دوران بہترین پرفارمنس دی، سری لنکا اور زمبابوے کے کھلاڑیوں نے پوری پاکستانی قوم کے دل جیت لیے۔

شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان میں سہ ملکی سیریز کا کامیاب انعقاد ہماری بہت بڑی کامیابی ہے، فائنل میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی دکھائی۔ وزیراعظم نے سہہ ملکی سیریز کامیابی سے منعقد کرنے پر چئیرمین پی سی بی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ کی بھی پزیرائی کی۔

shaheen afridi

PM Shehbaz Sharif

rawalpindi stadium

tri series final

Pak vs SL

t20 tri nation series