’غزہ سے اسرائیلی انخلا کے بعد حماس کے خلاف لڑیں گے‘: مخالف تنظیم کا اعلان

حماس کمزور ہوچکی، آخری دم تک مقابلہ کریں گے، ’القوات الشعبیہ‘ کی قیادت کے امیدوار الدہینی کا دعویٰ
اپ ڈیٹ 06 دسمبر 2025 02:31pm

غزہ کے جنوب میں ’القوات الشعبیہ‘ کے کمانڈر یاسر ابو شباب کی ہلاکت کے بعد اُن کے ممکنہ جانشین غسان الدہینی نے اعلان کیا ہے کہ غزہ سے اسرائیلی فوج کے انخلا کے بعد حماس کے خلاف لڑیں گے، تنظیم کو مکمل ختم کرنے تک پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقے رفح میں ’القوات الشعبیہ‘ کے کمانڈر یاسر ابو شباب کی ہلاکت کے بعد اب غسان الدہینی کا نام جانشین کے طور پر نمایاں ہو رہا ہے۔ الدہینی بھی اسی جھڑپ میں زخمی ہوا تھا جس کے دوران ابو شباب مارا گیا۔ اسرائیلی فوجی ریڈیو کے مطابق اسے معمولی زخموں کے بعد علاج کے لیے عسقلان کے برزیلائی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

دو روز قبل وہ ابو شباب کے جنازے میں شریک دیکھا گیا۔ علاوہ ازیں ’القوات الشعبیہ‘ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے ایک وڈیو بھی جاری کی ہے جس میں الدہینی رفح میں متعدد مسلح افراد کے درمیان گھومتا نظر آ رہا ہے۔

اسرائیل نواز جرائم پیشہ گینگ کا سرغنہ یاسر ابو شباب ہلاک

غسان الدہینی سابق فلسطینی سیکیورٹی افسر ہے اور اسے تنظیم کی قیادت کے مضبوط امیدوار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

جمعے کی شب اسرائیلی ٹی وی’چینل 12‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے اس نے کہا کہ ’اگر اسرائیلی فوج غزہ سے نکل گئی تو ہم حماس کے خلاف آخری دم تک لڑیں گے اور اسے مکمل طور پر ختم کیے بغیر نہیں رکیں گے۔‘

اس نے مزید کہا کہ وہ ابو شباب کے راستے پر چلنے کا عزم رکھتا ہے اور ’ہم اپنی باقی ماندہ طاقت کے آخری حصے تک چھوٹے بڑے تمام شدت پسندوں کے خلاف لڑتے رہیں گے، چاہے وہ کوئی بھی ہوں۔ آج حماس اپنا اصل چہرہ دیکھے گی۔‘

الدہینی کے مطابق حماس اس قدر کمزور ہو چکی ہے کہ اب وہ غزہ کے کسی بھی گروہ پر دباؤ ڈالنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔

غزہ کا انتظام چلانے کے لیے بین الاقوامی کمیٹی کا اعلان 2025 کے آخر تک ہو جائے گا: حکام

واضح رہے کہ یاسر ابو شباب مشرقی رفح میں ایک تنازع کے دوران اُس وقت مارا گیا جب وہ جھڑپ روکنے کی کوشش کر رہا تھا۔ مقامی ذرائع کے مطابق جنگ بندی کے دوران 3 دسمبر 2025 کو اس علاقے میں شدید مسلح تصادم پیش آئے تھے۔

’’القوات الشعبیہ‘‘ مشرقی رفح کے ان علاقوں میں سرگرم ہے جو اس وقت اسرائیلی فورسز کے کنٹرول میں ہیں۔ یہ سرگرمی امریکا کی سرپرستی میں 10 اکتوبر کو ہونے والے جنگ بندی معاہدے کے بعد سے جاری ہے۔

Abu Shabab

Commander Yasser

succeeds

Ghassan al Dahani