یو اے ای میں نوکری پانے کے لیے دسمبر بہترین مہینہ کیوں ہے؟

خلیجی ممالک میں دسمبر میں انٹرویوز کے مراحل عام مہینوں کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے مکمل ہوتے ہیں۔
اپ ڈیٹ 09 دسمبر 2025 03:33pm

دسمبر کی ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ سال کے اختتامی دنوں میں دفاتر میں کام کی رفتار کچھ سرد پڑنے لگتی ہے، بیشتر لوگ سمجھتے ہیں کہ ملازمتوں کا بازار بھی سالانہ تعطیلات کی طرح نیند میں چلا جاتا ہے۔ لیکن پروفشنلز کا کہنا ہے کہ حقیقت اس کے بالکل اُلٹ ہے۔

دفاتر میں کام کی گہما گہمی کم ہی کیوں نہ ہو، ای میلز کی آمد کم ہو جائے اور لوگ چھٹیوں کے پلان میں الجھ جائیں، لیکن پسِ پردہ یہی وہ مہینہ ہے جب کمپنیاں سب سے زیادہ تیزی سے بھرتیاں کرتی ہیں۔ نوکری تلاش کرنے والوں کے لیے یہ ایک ایسا سنہری موقع ہوتا ہے جسے اکثر امیدوار محض یہ سوچ کر گنوا بیٹھتے ہیں کہ نئے سال میں اپلائی کریں گے۔

مارکیٹ ماہرین بھی یہی کہتے ہیں کہ بہت سے امیدوار تعطیلات کے باعث نوکری کی تلاش روک دیتے ہیں، جس سے مارکیٹ میں نوکری تلاش کرنے والوں میں نمایاں طور پر کمی ہوجاتی ہے۔ ایسے میں جو امیدوار نوکری کی تلاش یا کوششوں میں سرگرم ہوتے ہیں، ان کے پروفائلز جلد نمایاں ہوتے ہیں اور انہیں شارٹ لسٹنگ کے زیادہ مواقع ملتے ہیں۔

دبئی میں گھر سنبھالنے کی نوکری، تنخواہ 23 لاکھ پاکستانی روپے ماہانہ

ریکروٹمنٹ آفیشئلز کے مطابق یورپ کے مقابلے میں خلیجی خطے میں دسمبر کے دوران کام کی رفتار کم نہیں ہوتی۔ متعدد کمپنیوں کو سال کے اختتام سے پہلے اپنے بجٹ مکمل کرنے، اہم عہدوں پر بھرتیاں کرنے اور آنے والے سال کے اہداف کے لیے ٹیمیں مضبوط بنانے کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایچ آر ڈیپارٹمنٹس اور ہائرنگ مینیجرز اس ماہ ہائرنگ میں تیزی دکھاتے ہیں۔

ہائرنگ آفیشئلز کا کہنا ہے کہ دسمبر میں انٹرویوز کے مراحل عام مہینوں کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے مکمل ہوتے ہیں۔ کئی سیکٹرز، جیسے رئیل اسٹیٹ، انجینئرنگ، بینکنگ، ٹیکنالوجی، ہاسپٹیلٹی اور لاجسٹکس میں اس دوران ہنگامی بنیادوں پر نوکریاں دی جاتی ہیں تاکہ نئے سال کے آغاز سے پہلے پوزیشنز بھر دی جائیں۔

بیرون ملک ملازمتیں بیورو آف ایمپلائمنٹ کے ذریعے کیسے حاصل کریں

ایچ آر ایکسپرٹس کے مطابق امیدواروں کو چاہیے کہ مکمل بریک لینے کے بجائے اپنے پروفائلز، لنکڈ اِن اور آن لائن پروفائلز کو اپ ڈیٹ رکھیں۔ سال کے آخری ہفتوں میں بھرتی کرنے والوں کے پاس بھی نسبتاً زیادہ وقت ہوتا ہے، اس لیے ایک مختصر سا پیغام، پروفائل ریفریش یا اسکل اپگریڈ بھی امیدوار کو اگلی صف میں لے جا سکتا ہے۔

کمپنیوں کا کہنا ہے کہ دسمبر میں انہیں امیدواروں کے پروفائلز کا بغور جائزہ لینے اور انٹرویوز میں تفصیل سے گفت و شنید کا موقع ملتا ہے۔ کاروباری دباؤ کم ہونے کی وجہ سے فیصلہ سازی زیادہ مؤثر انداز میں ہوتی ہے۔

خوبصورت جزیرے پر رہائش، تنخواہ سالانہ 86 لاکھ روپے سے زائد، کیا آپ یہ نوکری کریں گے؟

ماہرین کا کہنا ہے کہ جو امیدوار تعطیلات میں بھی دستیاب رہتے ہیں، انہیں وہ انٹرویوز مل جاتے ہیں جن سے دوسرے امیدوار اپنی مصروفیات کے باعث محروم رہ جاتے ہیں۔ جبکہ جنوری میں جب ہر کوئی دوبارہ میدان میں آتا ہے تو مقابلہ شدید ہو جاتا ہے۔ اسی لیے ایچ آر ایکسپرٹس متفق ہیں کہ دسمبر کو ‘سست مہینہ’ سمجھنا ایک غلط فہمی ہے۔ جو افراد اس عرصے میں متحرک رہتے ہیں، وہ نئے سال کے آغاز سے پہلے ہی کامیابی کی دوڑ میں سبقت حاصل کر لیتے ہیں۔

Company

hiring

Job required

HR Officials

HR Manager

December is best

get hired

Recruitements