کراچی: بے قابو واٹر ٹینکر نے نوجوان طالب علم کو روند ڈالا

عابد دو نوجوان بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا، مشتعل افراد نے ٹینکر کو آگ لگا دی گئی، ڈرائیور فرار
شائع 10 دسمبر 2025 12:21pm

کراچی کی سڑکوں پر تیز رفتار اور بے قابو واٹر ٹینکر نے ایک اور نوجوان کی زندگی چھین لی۔ نارتھ کراچی فور کے چورنگی کے قریب کالج جانے والے 18 سالہ عابد کو ٹینکر نے کچل دیا۔ عابد دو بہنوں کا اکلوتا بھائی اور والدین کا لاڈلا تھا، جبکہ ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

نارتھ کراچی فور میں آج صبح 18 سالہ عابد موٹرسائیکل پر کالج جانے کے لیے گھر سے نکلا۔ چند ہی قدم کے فاصلے پر بے قابو اور تیز رفتار واٹر ٹینکر نے اسے کچل دیا، جس کے نتیجے میں عابد موقع پر جاں بحق ہوگیا۔

حادثے کے بعد اہل علاقہ میں شدید غصہ پھیل گیا اور مقامی افراد نے ٹینکر کو آگ لگا دی۔ ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہا۔

شہر قائد میں رواں سال ہیوی ٹریفک حادثات میں 244 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ شہر کی سڑکوں پر بے لگام واٹر ٹینکرز، ڈمپرز اور ٹریلرز کی وجہ سے شہریوں کی جانیں خطرے میں ہیں۔ بسوں اور منی ٹرکوں کی ٹکر سے بھی متعدد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

شہر قائد میں ای چالان کے باجود ٹریفک حادثات میں شہریوں کی اموات سوالیہ نشان ہیں،شہر میں منہ زور ہیوی ٹریفک کے خلاف موثر اقدامات کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے

karachi

water tanker

young student

runs over

Out of control