کسی سیاسی جماعت پر پابندی کے حق میں نہیں ہوں: بلاول بھٹو
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو ذرداری کا کہنا ہے کہ وہ کسی سیاسی جماعت پر پابندی کے حق میں نہیں ہیں، ان کا کہنا ہے کہ کے پی میں گورنر راج لگانا میرا یا میری پارٹی کا مطالبہ نہیں ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج ان کا یا ان کی جماعت کا مطالبہ نہیں، تحریک انصاف کو کے پی میں اپنا رویہ تبدیل کرنا ہوگا، اگر صوبے میں کوئی سیاسی جماعت دہشت گردوں کی سہولت کار بنی تو پھر ایسے اقدام پر غور مجبوری بن جائے گا۔
لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرادی نے کہا کہ پاکستان ایک بار پھر خطرناک دور سے گزر رہا ہے، افغانستان کی طرف سے پاکستان کو خطرے کے خدشات سچ ہو رہے ہیں لیکن ہماری بہادر فوج اس چیلنج کا مقابلہ کر رہی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں سیاست اپنی جگہ لیکن میں اپنے ملک اور فوج کے ساتھ کھڑا ہوں، لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ بعض سیاسی قوتوں کے غیر مناسب روئیے کی وجہ سے حالات سنگین ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اپنی سیاست کو سیاست کے دائرے میں رکھیں، ایک سیاسی جماعت سیاسی دجال کا کام کر رہی ہے اور ان کی کوشش ہے کہ عوام اور افواج کے درمیان دراڑ پیدا ہو۔
انھوں نے مزید کہا کہ کے پی میں گورنر راج لگانا میرا یا میری پارٹی کا مطالبہ نہیں اور نہ ہی میں کسی سیاسی پارٹی پر پابندی کے حق میں ہوں۔ لیکن خیبرپختونخوا میں سیاسی جماعت دہشت گردوں کی سہولت کار بنی تو گورنر راج لگانا مجبوری ہوگی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ انہیں خوشی ہوگی اگر مریم نواز سندھ سے الیکشن لڑیں۔ آئندہ انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات ناگزیر ہیں تاکہ کسی وزیرِاعظم یا وزیرِاعلیٰ پر ”سلیکٹڈ“ یا ”فارم 47“ جیسے اعتراضات نہ اٹھیں۔












