پاکستان آئیڈل ٹاپ 16 کے امیدوار نے اچانک شو چھوڑنے کی وجہ بتادی

آپ مجھے آنے والی اقساط میں نہیں دیکھیں گے: الزامات کی ویڈیو وائرل
شائع 12 دسمبر 2025 11:59am

پاکستان آئیڈل کے اس سیزن کا ایک تنازعہ سامنے آیا ہے، جس میں ٹاپ 16 کے امیدوار، ایم ابرار شاہد نے اچانک شو چھوڑ دیا اور سوشل میڈیا پر ایک تفصیلی ویڈیو کے ذریعے پروڈکشن ٹیم پر شدید تنقید کرتے ہوئے، شو کے ماحول کو ‘غیر منصفانہ، حوصلہ شکن اور جذباتی دباؤ پیدا کرنے والا ماحول’ جیسے الزامات عائد کیے ہیں۔

دوسری طرف پاکستان آئیڈل نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ غلط اور بے بنیاد دعوے ہیں اور شو کی شفافیت اور پروفیشنلزم پر سوال اٹھانے کی کوشش ہے۔

اس واقعے نے نہ صرف سوالات پیدا کر دیے بلکہ اس بات پر بھی غور و فکر کی دعوت دی کہ کیا حقیقت میں ریئلٹی شوز میں دکھائی جانے والی شفافیت ہمیشہ حقیقی ہوتی ہے۔ یہ معاملہ مداحوں اور تجزیہ کاروں کے لیے ایک بحث کا موضوع بن گیا ہے۔

نیشنل کالج آف آرٹس کے طالب علم اور مداحوں کی پسندیدہ شخصیت، ابرار شاہد نے ویڈیو میں تفصیل سے بتایا کہ ان کے لیے آخری حد کیا تھی۔ انہوں نے کہا کہ “آج 9 دسمبر ہے اور ہمارا شو کا شوٹنگ کا دن تھا۔ لیکن آپ مجھے آنے والے اقساط میں نہیں دیکھیں گے کیونکہ آج میں نے سیٹ چھوڑ دیا۔”

ابرار شاہد نے مزید وضاحت کی کہ وہ تمام شوٹنگ مکمل کر چکے تھے، لیکن ایک ویڈیو پر ان کی ناراضی کی وجہ سے صورتحال خراب ہو گئی۔

اورنگی ٹاؤن کا رائیڈر پاکستان آئیڈل ججز کے دلوں تک کیسے پہنچا؟

انہوں نے کہا کہ پاکستان آئیڈل نے میری ایک ویڈیو اپلوڈ کی، جس کے نیچے میں نے تبصرہ کیا کہ یہ میری اصل آواز نہیں ہے۔ یہ حد سے زیادہ آٹو ٹون کے ساتھ تھی، اس لیے میری آواز جیسی نہیں لگ رہی تھی۔

ابرار شاہد کے مطابق، اس کے بعد پروڈکشن ٹیم کی جانب سے مسلسل دباؤ ڈالا گیا اور کئی فون آئے اور کہا کہ اپنا تبصرہ ہٹا دو۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ شو کی قیادت کرنے والے شخص نے انہیں خبردار کیا کہ اگر وہ میڈیا کے سامنے بات کریں گے تو قانونی کارروائی ہو سکتی ہے۔ ‘لیکن میں بات کروں گا، اور سب کو حقیقت بتاؤں گا۔’

انہوں نے ججز کی تعریف کی، مگر انہوں نے کہا کہ پروڈکشن کے رویے نے ان کے اعتماد کو توڑ دیا اور ان کے استاد اور ساتھیوں کو بھی مایوس کیا۔

شوٹنگ ٹیم نے امیجز کو جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ ‘پاکستان آئیڈل ہر مرحلے میں اعلیٰ معیار کی شفافیت، انٹیگریٹی اور منصفانہ رویے کو برقرار رکھتا ہے۔ تمام الزامات جو شو کی ساکھ، عمل یا امیدواروں پر سوال اٹھاتے ہیں، سنجیدگی سے لیے جاتے ہیں لہٰذا قانونی طور پر حل کیے جائیں گے۔’

بیان میں مزید کہا گیا کہ شو کی پروڈکشن اور تمام مراحل، ‘آڈیشن سے لے کر براڈکاسٹ تک’ بین الاقوامی معیار اور اصولوں کے مطابق چلائے جاتے ہیں، جو عالمی سطح پر آئڈل فرنچائز کے تحت مقرر ہیں۔

پاکستان آئیڈل کے نئے سیزن میں نوجوانوں کی سحر انگیز پرفارمنس، ججز بھی دنگ رہ گئے

پاکستان آئیڈل نے کہا کہ یہ دعوے نہ صرف پروڈکشن ٹیم کی محنت اور ججز کی شفافیت کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ دیگر امیدواروں کے جائز مقابلے کی قدر کو بھی کم کرتے ہیں۔

بیان میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ ابرار شاہد نے رضاکارانہ طور پر شو چھوڑا اور موجودہ صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے، اور معاملے کو قانونی طریقہ کار کے تحت حل کیا جا رہا ہے۔

VIDEO GOES VIRAL

2025

Top 16

Ibrar Shahid

Pakistan Idol