پاکستان میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، عید الفطر ہفتےکو ہوگی

محکمہ موسمیات نے عیدالفطر کی ممکنہ تاریخ سے متعلق پیشگوئی کردی۔
اپ ڈیٹ 19 مارچ 2026 09:19pm

مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے باعث پاکستان میں عیدالفطر 21 مارچ بروز ہفتہ ہوگی۔

قبل ازیں، محکمہ موسمیات نے بھی عیدالفطر 2026 کی ممکنہ تاریخ سے متعلق پیش گوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ 19 مارچ بروز جمعرات کو چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ رواں سال پاکستان میں عیدالفطر 21 مارچ بروز ہفتے کو ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا تھا کہ 19 مارچ بمطابق 29 رمضان کو شام کے وقت شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات نہیں ہیں کیوں کہ نئے چاند کی پیدائش آج صبح 6 بج کر 23 منٹ پر ہوچکی ہے تاہم آج شام تک چاند کی عمر محض 12 سے 13 گھنٹے ہوگی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ انسانی آنکھ سے رویت کے لیے چاند کی عمر 18 سے 20 گھنٹے ہونا ضروری ہے جو آج پوری نہیں ہو رہی، کم عمر ہونے کی وجہ سے آج چاند نظر آنا ممکن نہیں اور شوال کا چاند کل شام واضح طور پر دیکھا جا سکے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں رمضان المبارک کا آغاز 19 فروری سے ہوا تھا اور شعبان المعظم کی 29 تاریخ کو ماہ رمضان کا چاند نظر آیا تھا۔

دوسری جانب پشاور میں شوال کا چاند نظر آںے کی شہادتیں موصول ہونے کا دعیٰ کیا گیا ہے۔