سنی تحریک سربراہ کے گھر چھاپہ: پولیس نے وجہ اور گرفتار افراد کی تفصیلات بتا دیں

پہلے سے گرفتار زخمی ملزم کی نشاندہی پر کارروائی کی گئی، ایس ایس پی ایس آئی یو عمران خان
شائع 14 دسمبر 2025 02:17pm

کراچی کے علاقے رضویہ تھانے کی حدود میں ایس آئی یو اور ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک خطرناک بھتہ خور گروہ کے 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی ایس آئی یو کے مطابق گرفتار افراد بھتہ خوری، فائرنگ اور غیر قانونی اسلحہ کے سنگین مقدمات میں مطلوب تھے اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

ایس ایس پی ایس آئی یو عمران خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ رات رضویہ تھانے کی حدود میں بڑی کارروائی کی گئی، جو ایس آئی یو اور ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کا مشترکہ آپریشن تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی کی ہدایت پر گزشتہ ہفتے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔

ایس ایس پی کے مطابق یہ کارروائی پہلے سے گرفتار ملزم ریحان الدین کی نشاندہی پر کی گئی، جسے دو روز قبل مقابلے کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا۔ کارروائی کے دوران 3 ہائی پروفائل ملزمان، 3 شوٹرز سمیت مجموعی طور پر 9 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

کراچی: سنی تحریک کے سربراہ کے گھر پر چھاپہ، 20 سے زائد افراد گرفتار

پولیس کے مطابق گرفتار مرکزی ملزمان میں جواد عرف واجہ قادری، ریحان الدین اور ملا شاہزیب شامل ہیں، جن کا تعلق ایک انتہائی مطلوب اور خطرناک بھتہ خور گروہ سے ہے۔ یہ گروہ وصی اللہ لاکھو اور عبدالصمد کاٹھیاواری کے نیٹ ورک کے تحت کام کر رہا تھا، جو اس وقت بیرون ملک چھپے ہوئے ہیں۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان پولیس کو بھتہ خوری کے مختلف مقدمات میں انتہائی مطلوب تھے۔ کارروائی کے دوران جی تھری رائفلز، ایس ایم جیز اور پستول سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا گیا۔ گرفتار 9 ملزمان کے خلاف بھتہ خوری اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزامات میں 10 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

کراچی: فلیٹ سے خواتین کی لاشیں ملنے کا معاملہ، باپ بیٹے نے اعتراف جرم کرلیا

پولیس کے مطابق ملزم ریحان الدین ایک شوروم پر فائرنگ کے مقدمے میں بھی ملوث رہا ہے، جبکہ ایک ماہ قبل جمشید کوارٹر تھانے میں اس کے خلاف بھتے کا مقدمہ درج ہوا تھا۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اہم انکشافات کیے اور بتایا کہ وہ چار سال تک بھتہ خوری کے مقدمے میں جیل میں رہا، جبکہ آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن میں بھی حصہ لے چکا ہے۔

ایس ایس پی عمران خان کے مطابق مجموعی طور پر 17 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا، جن میں سے ابتدائی تفتیش میں 8 افراد کا کرمنل ریکارڈ سامنے آیا۔ بھتہ خوری کے دوران فائرنگ میں ملوث 3 ملزمان شعیب، طاہر اور عامر کو بھی گرفتار کیا گیا، جبکہ 3 سہولت کاروں کو غیر قانونی اسلحہ سمیت حراست میں لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دیگر زیرِ حراست افراد کے کرمنل ریکارڈ کی تصدیق کا عمل جاری ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی اور تفتیش بھی جاری ہے۔ ایس ایس پی کے مطابق اس گروہ کی گرفتاری کے بعد شہر میں بھتہ خوری کے واقعات میں کمی آئے گی۔

house

and details of those arrested

Police reveal reason

Sunni Tehreek chief's

Raid on