اس بار ڈی چوک سے آزادی لے کر یا کفن میں واپس پہنچیں گے: سہیل آفریدی

عمران خان نے جیل سے پیغام بھیجا ہے کہ آزادی یا موت سب تیار رہیں: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کوہاٹ میں جلسے سے خطاب
شائع 14 دسمبر 2025 07:18pm

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ اس بار ڈی چوک سے آزادی لے کر یا کفن میں واپس پہنچیں گے، عمران خان نے جیل سے پیغام بھیجا ہے کہ آزادی یا موت سب تیار رہیں، کچھ ٹاوٹس میڈیا پر بیٹھ کر ہمیں ڈراتے ہیں، آئین تحفظ پاکستان کے رہنماؤں کی کال کا انتظارہے۔

اتوار کو کوہاٹ میں پی ٹی آئی کے جلسہ عام سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر تنقید اور طنز کرتے ہوئے کہا کہ جس نے لاہور کے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا، جو جعلی طریقے سے پنجاب کی وزیراعلی بنی اور ’کا‘ کے اوپر ’کی‘ اور ’کی‘ کے اوپر ’کے‘ لکھتی ہے اور وہ مجھے مشورے دیتی ہے، میری توبہ، یہ ان کا حال ہے مشورے ہمیں دیتے ہیں، جعلی وزیراعلیٰ اور جعلی وزیراعظم ہمیں مشورے دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے مشورے دینے سے پہلے اپنے صوبے کا حال دیکھیں پنجاب پولیس پاکستان کا کرپٹ ترین ادارہ بن گئی ہے۔ صحت کے حوالے سے پورے پاکستان میں پنجاب سب سے نیچے ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف رپوٹ ظاہر کی گئی 5 ہزار 300 ارب کرپشن پر بات کوئی نہیں کرتا، ملک اس وقت 80 ہزار ارب روپے مقروض ہو چکا ہے اور ایک بار پھر وفاق نے ایک اعشاریہ دو ارب ڈالر قرضہ لیا ہے، ہمیں گورننس کا مشورہ دینے والوں نے ملک کو قرضے میں ڈبو دیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے چیلنج دیتے ہوئے کہ خیبر پختونخوا میں پرائمری اور مڈل اسکولوں کے لیے ہونے والی 16 ہزار بھرتیوں میں ایک بھی بغیر میرٹ کی دیکھائی تو میں مستعفیٰ ہوجاؤں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کہ خیبر پختونخوا میں کرپشن پر زیرو ٹولرنس ہے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کوہاٹ کے لیے ایک ہزار بیڈ پر مشتمل اسپتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کوہاٹ ڈی ایچ کیو اسپتال کی کمی پوری ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں وسائل عوام پر خرچ ہو رہا ہے، 181 جیل وارڈرز ، 1800 لیکچررز اور 640 سی ٹی ڈی پولیس کی بھرتیاں آخری مراحل میں ہیں، صوبے کے تمام اداروں میں بھرتی کے لیے مقابلوں کا امتحانات ایٹا ٹسٹنگ سروس کے تحت ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ عمران خان نے جیل سے پیغام بھیجا ہے کہ آزادی یا موت سب تیار رہے، اس مرتبہ کفن میں واپس آئیں گے یا غازی ہوکر آنا ہے۔ احتجاج کے لیے کال کا انتظار ہے۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے، جج سے ملنے جاتے ہیں ہمیں ملنے نہیں دیا جاتا، جنہوں نے ہمارے منڈیٹ کی حفاظت کرنی تھی انہوں ڈاکہ ڈالا ہوا ہے، ہمارے محافظ ہی ہمارے قاتل بنے ہوئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ ٹاؤٹس رات کو میڈیا پر بیٹھ کر گولیوں کی دھمکی دیتے ہیں۔ عمران خان نے احتجاج یا مذاکرات کی ذمہ داری محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو دی ہے، جب بھی ان کی طرف سے کال آئے گی سب نے تیار رہنا ہے۔

خیبر پختونخوا

cm kpk

Suhail Afridi

CM Suhail Khan Afridi

Sohail Afridi

Subscription Platform

PTI Kohat jalsa

kohat jalsa