آئی سی سی کے پوسٹر سے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا غائب، پی سی بی کا سخت ردعمل

سلمان علی آغا کی تصویر غائب ہے جس پر پی سی بی سمیت پاکستانی شائقین نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے، بھارتی میڈیا
شائع 15 دسمبر 2025 10:46am

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے ٹکٹوں کی فروخت کے لیے جاری کیے گئے تشہیری پوسٹر میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا کو شامل نہیں کیا گیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر طوفان برپا ہوگیا۔

بھارتی میڈیا نے پی سی بی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ پوسٹر میں بھارتی، سری لنکن ، جنوبی افریقی، انگلینڈ اور آسٹریلوی ٹیم کے کپتانوں کی تصاویر شامل کی گئی ہیں لیکن پاکستانی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کی تصویر غائب ہے جس پر پی سی بی سمیت پاکستانی شائقین نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پی سی بی کے ایک باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ اس معاملے کو آئی سی سی میں اٹھایا گیا ہے، کیونکہ تشہیری پوسٹر میں صرف پانچ ممالک کے کپتانوں کو نمایاں کیا گیا ہے۔ ان میں بھارت کے سوریاکمار یادیو، جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم، آسٹریلیا کے مچل مارش، سری لنکا کے داسن شناکا اور انگلینڈ کے ہیری بروک شامل ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ پی سی بی کو اس نوعیت کے مسائل کا سامنا پہلے بھی کرنا پڑا ہے۔ چند ماہ قبل ایشیا کپ کے دوران بھی ایسی ہی صورتحال پیش آئی تھی، جب براڈکاسٹرز نے ایک تشہیری مہم کا آغاز کیا تھا جس میں ہمارے کپتان کو شامل نہیں کیا گیا تھا۔

اس بار بھی پی سی بی کو اسی طرح کی صورتحال کا سامنا ہے، کیونکہ آئی سی سی نے ٹکٹوں کی فروخت کے تشہیری پوسٹر میں پاکستان کے کپتان کو نمایاں نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آئندہ سال فروری اور مارچ میں بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا، جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 15 فروری کو شیڈول ہے۔

cricket

t20 cricket

ICC T20 World Cup

salman ali agha

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)

ICC Men’s T20 World Cup 2026

icc poster