پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اظہر محمود عہدے سے مستعفی

ٹیسٹ میچ نہ ہونے کی بنا پر سابق کرکٹر نے پی سی بی کو اپنا استعفیٰ بھیج دیا
شائع 16 دسمبر 2025 10:03pm

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر اظہر محمود نے قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، ان کا مارچ 2026 تک معاہدہ تھا، ٹیسٹ میچ نہ ہونے کی بنا پر اظہر محمود نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو اپنا استعفیٰ بھیج دیا۔

کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق سابق کرکٹر اظہر محمود نے پاکستان ریڈ بال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں ختم کر دیں، ان کا معاہدہ مارچ 2026 تک تھا تاہم آئندہ سال مارچ اپریل میں بنگلہ دیش کے خلاف سیریز تک ٹیسٹ میچز نہ ہونے کے باعث باہمی اتفاق سے یہ فیصلہ کیا گیا کہ کوچنگ معاہدہ قبل از وقت ختم کر دیا جائے۔

اظہر محمود کو جون 2025 میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا قائم مقام ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔ اس دوران انہوں نے صرف ایک ٹیسٹ سیریز کی نگرانی کی، جس میں پاکستان نے عالمی ٹیسٹ چیمپئن جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز 1-1 سے برابر کی۔

اس سے قبل اظہر محمود اپریل 2024 میں پاکستان ٹیم کے تمام فارمیٹس کے اسسٹنٹ کوچ مقرر ہوئے تھے، جہاں وہ وائٹ بال ٹیموں میں گیری کرسٹن اور ریڈ بال ٹیم میں جیسن گلیسپی کے ساتھ منسلک رہے۔ اسی عرصے میں انہوں نے ایک وائٹ بال سیریز میں عبوری طور پر بھی ذمہ داریاں انجام دیں۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر اظہر محمود قائم مقام ریڈ بال ہیڈ کوچ مقرر

اظہر محمود کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے مخصوص مدت کے لیے مقرر کیا گیا تھا، جس دوران انہوں نے اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ انداز میں نبھائیں اور معاہدے کے اختتام پر وہ ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔

یہ اظہر محمود کا پاکستان ٹیم کے ساتھ دوسرا دور تھا، اس سے قبل وہ 2016 سے 2019 کے دوران مکی آرتھر کے کوچنگ دور میں بولنگ کوچ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

اظہر محمود اس وقت آئی ایل ٹی 20 میں ڈیزرٹ وائپرز کے فاسٹ بولنگ کوچ ہیں جب کہ وہ پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ اور انگلش کاؤنٹی سرے کے اسسٹنٹ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔

اظہر محمود کی رخصتی کے بعد پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے لیے نئے ہیڈ کوچ کی تلاش کا عمل شروع کیے جانے کا امکان ہے، جو 2021 کے بعد آٹھویں ہیڈ کوچ ہوں گے۔

PCB

resign

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)

azhar mehmood

pakistan test cricket team

pakistan red ball cricket team

azhar mehmood resign