سال 2025 میں ہزاروں پاکستانی بھیک مانگنے پر بیرون ملک سے ڈی پورٹ
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل رفعت مختار راجا نے انکشاف کیا ہے کہ رواں سال بیرون ملک سے ہزاروں پاکستانیوں کو مختلف وجوہات کی بنا ڈی پورٹ کیا گیا۔ رواں سال سعودی عرب نے بھیک مانگنے پر 24 ہزار اور دبئی نے 6 ہزار افراد کو واپس بھیجا جبکہ آذربائیجان نے ڈھائی ہزار پاکستانیوں کو آف لوڈ کیا۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز کا اجلاس بدھ کے روز چیئرمین کمیٹی آغا رفیع اللہ کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے اور سیکرٹری اوورسیز نے بیرون ملک جانے والے پاکستانی شہریوں، ڈی پورٹ ہونے والے افراد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجا نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مجموعی طور پر 56 ہزار پاکستانیوں کو بھیک مانگنے کے باعث سعودی عرب سے ڈی پورٹ کیا جاچکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سال سعودی عرب نے 24 ہزار اور دبئی نے 6 ہزار افراد کو بھیک مانگنے پر واپس بھیجا جبکہ آذربائیجان نے ثبوت کے ساتھ ڈھائی ہزار پاکستانیوں کو آف لوڈ کیا۔
رفعت مختار راجا نے انکشاف کیا کہ ایک جعلی فٹ بال کلب نے فٹ بال ٹیم کوجاپان بھیجا، جس میں ایک پیر سے محروم شخص بھی جاپان پہنچ گیا۔ تحقیقات کے بعد معلوم ہوا کہ 2022 میں بھی جعلی کلب ایک ٹیم کو جاپان بھیج چکا ہے۔
اجلاس میں عمرے کے نام پر یورپ جانے کے واقعات کا بھی انکشاف سامنے آیا۔ ڈی جی ایف آئی اے نے کمیٹی کو بتایا کہ اس سال ہزار افراد کمبوڈیا 24 گئے جن میں سے 12 ہزار تاحال واپس نہیں آئے، جبکہ سیاحتی ویزے پر برما جانے والے 4 ہزار میں سے بھی ڈھائی ہزار افراد واپس لوٹ کر نہیں آئے۔
بریفنگ میں بنگالی شہریوں کے پاکستان سے غیرقانونی طور پر یورپ جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق پاکستان کے سیاحتی ویزہ پریورپ جانے والے بنگالی شہریوں کو بھی گرفتار کیا گیا۔ گزشتہ تین ماہ کے دوران 450 افرادایرانی باڈرسے پکڑے گئے۔
ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ گزشتہ برس پاکستان غیر قانونی یورپ سفر میں ٹاپ فائیو ممالک میں شامل تھا، تاہم مؤثر پالیسیوں کے باعث اب پاکستان اس فہرست سے باہر ہو چکا ہے۔ دبئی اور جرمنی نے پاکستانی سرکاری پاسپورٹ پر ویزہ فری سہولت فراہم کی ہے۔
سیکرٹری اوورسیز نے اجلاس کو بتایا کہ سعودی عرب میں وژن 2030 کے تحت 1 ٹریلین ڈالر سے زائد کے میگا پراجیکٹس ہیں، جن میں نیوم سٹی، جدہ سینٹرل، ریڈ سی گلوبل، کنگ سلمان انرجی پارک، جدہ ٹاور، ریاض ایکسپو 2030 اور فیفا ورلڈ کپ 2034 کے منصوبے شامل ہیں۔
ان منصوبوں میں نوکریاں صرف ہنرمند افراد کے لیے ہیں۔ پاکستان ہر سال تقریباً 4 لاکھ ہنرمند افراد پیدا کرتا ہے، اور بیرون ملک لیبر کی مانگ زیادہ ہے جبکہ یونیورسٹی گریجویٹس کی تعداد تو زیادہ ہے مگر مارکیٹ میں ڈیمانڈ کم ہے۔
ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق گزشتہ برس پاکستان غیرقانونی سفر میں ٹاپ فائیو ممالک میں تھا۔ تاہم مؤثر پالیسیوں کے باعث پاکستان اس فہرست سے باہر نکل آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ
دبئی اور جرمنی نے پاکستانی پاسپورٹ پر ویزہ فری کردیا ہے۔ ایمی اپلیکیشن جنوری کے وسط میں لانچ کردی جائے گی،جس کے ذریعے بیرون ملک جانے والے افراد روانگی سے 24 گھنٹے قبل امیگریشن حاصل کرلیں گے۔














