آسکر ایوارڈز کی نشریات ٹی وی کی بجائے یوٹیوب پر ہوں گی

یوٹیوب کے ساتھ ہونے والا یہ معاہدہ کئی سالوں کے لیے ہے اور 2033 تک جاری رہے گا۔
شائع 17 دسمبر 2025 11:48pm

اسٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب 2029 سے آسکر ایوارڈز کی براڈکاسٹ کی میزبانی کرے گا، جو تفریحی صنعت میں روایتی میڈیا سے ہٹ کر ایک بڑی تبدیلی کی علامت ہے۔

سی این این کے مطابق موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز اکیڈمی نے بدھ کو اعلان کیا ہے کہ آسکر ایوارڈز کی براڈکاسٹ 2029 سے یوٹیوب پر ہوگی۔ یوٹیوب کے ساتھ ہونے والا یہ معاہدہ کئی سالوں کے لیے ہے اور 2033 تک جاری رہے گا۔

امریکی براڈکاسٹ نیٹ ورک (اے بی سی) جو گزشتہ کئی دہائیوں سے آسکر ایوارڈز نشر کرتا آیا ہے، اب 2028 تک یہ ایوارڈز نشر کر سکے گا۔ اس کے بعد یہ ذمہ داری یوٹیوب سنبھالے گا۔

اکیڈمی نے حال ہی میں مستقبل کی براڈکاسٹ رائٹس کی نیلامی کی تھی، جس میں یوٹیوب نے دیگر کمپنیوں سے آگے نکل کر یہ حقوق حاصل کیے۔

یوٹیوب کے سی ای او نیل موہن کا کہنا ہے کہ آسکر ایک اہم ثقافتی روایت ہے جو کہ بہترین کہانی اور فن کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ اکیڈمی کے ساتھ شراکت داری کرکے ہم اس جشن کو دنیا بھر کے ناظرین تک پہنچائیں گے اور نئی نسل میں تخلیق اور فلم سے محبت کو فروغ دیں گے۔

یہ اقدام میڈیا اور تفریح کی دنیا میں ایک بڑی تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے، جہاں اسٹریمنگ پلیٹ فارمز نے روایتی ٹی وی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ یوٹیوب نے فلم سازوں کو نئی ٹیکنالوجی آزمانے اور فلمیں ناظرین تک پہنچانے کے نئے طریقے اپنانے کی ترغیب دی ہے اور مستقبل میں بھی اس میں سرمایہ کاری جاری رکھے گا۔

آسکر کی یہ تبدیلی ہالی ووڈ میں کافی دلچسپی پیدا کر رہی ہے۔ تخلیق کاروں میں تقسیم ہے کہ روایت کو برقرار رکھا جائے یا نئے پلیٹ فارمز کو اپنایا جائے، لیکن یوٹیوب کا یہ قدم اسٹریمنگ اور ڈیجیٹل میڈیا کی بڑھتی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔

امریکی براڈکاسٹ نیٹ ورک (ABC) نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم اگلے تین ایوارڈز، بشمول 2028 میں صدی کی تقریب کے منتظر ہیں اور موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز اکیڈمی کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

hollywood

youtube

Oscars

Academy awards

ABC

Film Awards