امریکی سفارت خانے کا جعلی اہلکار افغان شہری نکلا، ڈپلومیٹک انکلیو سے گرفتاری
اسلام آباد میں پولیس اور انٹیلی جنس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے امریکی سفارت خانے کا جعلی اہلکار بن کر گھومنے والے ایک افغان شہری کو گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گرفتار شخص کے پاس امریکی سفارت خانے کا جعلی کارڈ موجود تھا، جس کی بنیاد پر وہ خود کو سفارتی اہلکار ظاہر کر رہا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ افغان شہری، جس کی شناخت حارث کے نام سے ہوئی ہے، دو خواتین کے ہمراہ گاڑی میں سوار ہو کر گیٹ نمبر دو کے ذریعے ڈپلومیٹک انکلیو میں داخل ہوا۔ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع پر پولیس نے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد سے کارروائی کی اور ملزم کو حراست میں لے لیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے تھانہ سیکریٹریٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔

ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ گرفتار افغان شہری پہلے سے ہی فراڈ کے مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا اور اس کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جا رہی تھی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ امریکی سفارت خانے کی جانب سے بھی اس افغان شہری کے بارے میں شکایت موصول ہوئی تھی، جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے معاملے کی سنجیدگی سے جانچ شروع کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران جعلی کارڈ کے حصول، استعمال اور ممکنہ سہولت کاروں سے متعلق تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ کسی بڑے نیٹ ورک کے امکانات کو بھی دیکھا جا سکے۔
حکام کے مطابق کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور قانون کے مطابق آئندہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔












