’پہلے میں جاؤں گا‘: ایئر انڈیا کے پائلٹ کا مسافر پر بدترین تشدد

پائلٹ نے انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث وہ زخمی ہو گئے اور خون بہنے لگا
اپ ڈیٹ 20 دسمبر 2025 11:24am

بھارت کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اس وقت تنازع کھڑا ہوا جب ایک مسافر نے ایئر انڈیا ایکسپریس کے پائلٹ پر جسمانی تشدد کا الزام عائد کیا۔ ایئرلائن نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پائلٹ کو تفتیش مکمل ہونے تک ملازمت سے معطل کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مسافر کی شناخت انکت دیوان کے طور پر ہوئی ہے، جن کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنے خاندان کے ہمراہ ایئرپورٹ پر موجود تھے، جن میں ایک چار ماہ کا شیر خوار بچہ بھی شامل تھا جو اسٹرولر میں تھا۔ دیوان کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ کے عملے نے ان کے بچے کی وجہ سے انہیں اسٹاف اور پی آر ایم یعنی (جسمانی طور پر محدود نقل و حرکت کے حامل افراد) والے سیکیورٹی چیک کے راستے سے گزرنے کی ہدایت دی تھی۔

دیوان کے مطابق، اسی دوران کچھ افراد قطار توڑ کر ان سے آگے جانے لگے۔ جب انہوں نے اس پر اعتراض کیا تو ایئر انڈیا ایکسپریس کے ایک پائلٹ، جن کی شناخت کیپٹن وریندر کے طور پر ہوئی جو خود بھی اسی راستے سے گزر رہے تھے، نے ان سے بدتمیزی شروع کردی۔

دیوان کا الزام ہے کہ اعتراض اٹھانے پر پائلٹ نے ان کی تعلیمی حیثیت پر سوال اٹھایا اور کہا کہ کیا وہ پڑھ نہیں سکتے کہ یہ راستہ صرف اسٹاف کے لیے ہے۔

انکت دیوان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک تفصیلی پوسٹ میں لکھا کہ اسٹاف میرے سامنے قطار توڑ رہا تھا۔ جب میں نے اس پر آواز اٹھائی تو کیپٹن وریندر، جو خود بھی یہی کر رہے تھے، نے مجھ سے پوچھا کہ کیا میں ان پڑھ ہوں اور کیا میں یہ نہیں پڑھ سکتا کہ یہ داخلی راستہ اسٹاف کے لیے ہے۔

دیوان کے مطابق یہ تلخ کلامی فوراً شدت اختیار کر گئی اور بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پائلٹ نے اپنا ضبط کھو دیا اور انہیں جسمانی طور پر تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے اور خون بہنے لگا۔

دیوان نے ایک اور پوسٹ میں کہا کہ ضبط پر قابو نہ رکھتے ہوئے ایئر انڈیا ایکسپریس کے پائلٹ نے مجھ پر تشد کیا اور مجھے خون آلود حالت میں چھوڑ دیا۔ کیپٹن کی قمیض پر جو خون نظر آ رہا ہے وہ بھی میرا ہی ہے۔ اس پوسٹ میں دیوان نے مبینہ طور پر پائلٹ کی تصویر بھی شیئر کی۔

مزید برآں، دیوان نے کہا کہ اس واقعے نے ان کی خاندانی چھٹیاں برباد کر دیں اور ان کی بیٹی اس تشدد کا منظر دیکھ کر شدید طور پر خوفزدہ ہو گئی۔

ایئر انڈیا ایکسپریس نے ایک بیان میں دہلی ایئرپورٹ پر اپنے ایک ملازم کے ملوث ہونے والے واقعے کی تصدیق کی۔ ایئرلائن کے مطابق، مذکورہ ملازم اس وقت کسی دوسری ایئرلائن کا مسافر بن کر سفر کر رہا تھا اور ایک دوسرے مسافر کے ساتھ اس کی جھڑپ ہو گئی۔

ایئرلائن نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم دہلی ایئرپورٹ پر پیش آنے والے اس واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔

violence

Passenger

AIR INDIA

Pilot