چینی کمپنی کا ملازمین کو بونس کے بجائے کروڑوں کے فلیٹس کا تحفہ
چین کی ایک کمپنی نے اپنے ملازمین کو پانچ سال تک کام برقرار رکھنے اور محنت کرنے پر مفت فلیٹس دینے کا منصوبہ پیش کیا ہے، جس نے سوشل میڈیا صارفین کے درمیان کافی چرچا پیدا کر دیا ہے۔ کمپنی نے بتایا ہے کہ تین سال کے دوران کل 18 فلیٹس ملازمین کو دیے جائیں گے۔
ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ کے مطابق یہ ایک ٹیکنالوجی کمپنی ہے جنوبی چین کے جیانگ ژی صوبے کے شہر وینژو میں واقع ہے جو آٹوموٹیو فاسٹنر مصنوعات میں مہارت رکھتی ہے۔ کمپنی کے پاس 450 سے زائد ملازمین ہیں اور اس نے 2024 میں 490 ملین یوان (تقریباً 70 ملین امریکی ڈالر) کی پیداوار کا اعلان کیا۔
کمپنی کے جنرل مینیجر وانگ جیایوان نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ وینژو میں بڑی تعداد میں مزدور موجود ہیں، اس لیے کمپنی کا مقصد ماہر تکنیکی اور انتظامی عملے کو انعام دینا اور انہیں برقرار رکھنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سال ہم نے پانچ فلیٹس دیے ہیں۔ آئندہ برس آٹھ مزید تقسیم کرنے کا منصوبہ ہے، جبکہ تین سال میں کل 18 فلیٹس دینے کی منصوبہ بندی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد واضح ہے کہ بہترین ٹیلنٹ کو اپنی جانب راغب کرنا اور ہمارے اہم مینجمنٹ ٹیم کو برقرار رکھنا ہے۔
تمام فلیٹس کمپنی سے پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہیں اور ان کے سائز 100 سے 150 مربع میٹر کے درمیان ہیں۔ اس علاقے میں سیکنڈ ہینڈ گھروں کی اوسط قیمت سات ہزار سے آٹھ ہزار پانچ سو یوان (تقریباً 990 سے بارہ سو امریکی ڈالر) فی مربع میٹر ہے۔ ایک میاں بیوی کا جوڑا جو اِسی کمپنی میں ملازمت کرتا ہے اُنہیں پہلے ہی 144 مربع میٹر کا فلیٹ دیا جا چکا ہے۔
ملازمین کو ہاؤسنگ معاہدے پر دستخط کرنا ہوتے ہیں اور کمپنی کی جانب سے مرمت مکمل ہونے کے بعد رہائش اختیار کرتے ہیں۔ پانچ سال کی سروس مکمل ہونے پر فلیٹ باقاعدہ طور پر ملازم کے نام کر دیا جاتا ہے اور اسے مرمت کی لاگت کمپنی کو واپس کرنی ہوتی ہے۔
وانگ جیایوان نے بتایا کہ کمپنی نے پہلے ہی 18 فلیٹس حاصل کر لیے ہیں اور اس میں 10 ملین یوان سے زیادہ سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ اس سال دیے گئے پانچ گھروں میں سے دو ایسے ملازمین کو دیے گئے جو ابتدائی سطح کے عہدوں سے مینجمنٹ تک ترقی کر چکے ہیں۔
وانگ نے اس بات پر زور دیا کہ یہ عہدے اعلیٰ مہارت طلب کرتے ہیں اور نئے گریجویٹس فوری طور پر ان پر عبور حاصل نہیں کر سکتے، بلکہ اس کے لیے وقت اور تجربے کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے فوائد دینے کا مقصد آپریشنل اخراجات کو کم کرنا اور معیار کے انتظام کو بہتر بنانا ہے۔
















