اس سال کرسمس پر سانتا کلاز کو کیسے ٹریک کیا جارہا ہے؟

اب سانتا کلاز کا تاریخی سفر بھی ڈیجیٹل دنیا کا حصہ بن گیا ہے۔
اپ ڈیٹ 24 دسمبر 2025 01:08pm

کرسمس کی راتوں میں صدیوں سے سانتا کلاز کو ایک پراسرار کردار سمجھا جاتا رہا ہے، جو خاموشی سے تحفے بانٹ کر نظروں سے اوجھل ہو جاتا ہے۔ مگر اس برس کرسمس کا یہ جادو جدید ٹیکنالوجی کے باعث ایک نئے انداز میں دنیا کے سامنے آیا، جہاں لوگ سانتا کے سفر کا اندازہ لگانے کے بجائے اسے براہِ راست دیکھتے رہے۔

23 دسمبر کو دنیا بھر کے ہوابازی کے شوقین افراد اس وقت حیران رہ گئے جب فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ Flightradar24 پر ایک انوکھا فضائی سفر نظر آیا۔

ایک سلیج، جسے ہوائی جہاز کے طور پر درج کیا گیا تھا، تقریباً 60 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کرتی دکھائی دی۔ اس کا کال سائن R3DN053 جبکہ رجسٹریشن نمبر HOHOHO درج تھا، اور پرواز کا راستہ شمالی قطب سے شمالی قطب ہی ظاہر کیا گیا۔

چند ہی لمحوں میں سانتا کلاز کی یہ سلیج دنیا بھر میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی پرواز بن گئی، جسے ہزاروں افراد نے ایک ساتھ لائیو ٹریک کرنا شروع کر دیا۔ نقشے پر سرخ رنگ کی سلیج شمالی یورپ کے اوپر دکھائی دے رہی تھی، جبکہ عام مسافر طیارے اس کے نیچے معمول کے مطابق سفر کر رہے تھے۔

فلائٹ ریڈار 24 کی جانب سے جاری ایک مزاحیہ مگر دل چسپ اپڈیٹ میں بتایا گیا کہ سانتا نے مکمل فلائٹ پلان جمع کروا رکھا ہے، سلیج کے ”انجن“ یعنی ہرن پوری طرح تیار ہیں۔ یہاں تک کہ NUUK FIR کے ایئر ٹریفک کنٹرولرز نے بھی سانتا سے ریڈار رابطے کی تصدیق کر دی۔

سلیج کی بلند پرواز نے سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصروں کی بھرمار کر دی۔ کسی نے لکھا کہ اب شمالی قطب پر بھی پرائیویسی باقی نہیں رہی، تو کسی نے کہا کہ اتنی بلندی پر پرواز کرنا عام ہرنوں کے بس کی بات نہیں۔

فلائٹ ڈیٹا کے مطابق، یہ سلیج عالمی سطح پر پہلے نمبر پر رہی اور ایک وقت میں 16 ہزار سے زائد صارفین اسے براہِ راست دیکھ رہے تھے۔

سانتا کی سلیج کا رخ فن لینڈ کے شہر رووانیمی کی جانب ہونا کسی کے لیے حیران کن نہیں تھا، کیونکہ جدید کرسمس روایات میں لاپلینڈ کو سانتا کی روانگی کا مرکزی مقام تصور کیا جاتا ہے۔ یہاں ہر سال 23 دسمبر کو سانتا کلاز ولیج میں خصوصی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں، جو سانتا کے عالمی سفر کا آغاز سمجھا جاتا ہے۔

یوں ایک ایسے دور میں جہاں عام ڈیلیوری بھی موبائل اسکرین پر ٹریک کی جا سکتی ہے، سانتا کلاز کا یہ تاریخی سفر بھی ڈیجیٹل دنیا کا حصہ بن گیا اور کرسمس کا جادو ایک بار پھر دنیا بھر کے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ لے آیا۔

واضح رہے کہ کرسمس ابتدا میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی پیدائش کا جشن منانے والا عیسائی تہوار تھا، جس کی ابتدائی تاریخ رومی دور 336 عیسوی تک جاتی ہے۔ وقت کے ساتھ، اس میں رومن تہوار ساترنالیا اور دیگر یول روایات کے اثرات شامل ہوئے، جن میں روشنی، میلے اور تجدید کی رسمیں شامل تھیں۔

سانتا کلاز کا کردار تاریخی، مذہبی اور لوک کہانیوں کے امتزاج سے ابھرا، جے سینٹ نکولس جیسے شخصیات نے تحریک دی اور بعد میں ادبی و ثقافتی تصورات نے اسے جدید شکل دی۔

watched live

World's Most Tracked Flight

Santa Claus's Sleigh