ماسکو میں ایک اور کار بم دھماکہ: 2 پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد ہلاک

دھماکہ اُس وقت ہوا جب اہلکار اپنی پولیس کار کے قریب کھڑے ایک مشتبہ شخص کے پاس گئے
شائع 24 دسمبر 2025 12:11pm

روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایک اور کار بم دھماکہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں دو ٹریفک پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے۔

روسی تحقیقاتی کمیٹی نے بدھ کی صبح ایک بیان میں کہا کہ یہ دھماکہ اُس وقت ہوا جب اہلکار اپنی پولیس کار کے قریب کھڑے ایک مشتبہ شخص کے پاس گئے۔

کمیٹی کے مطابق، واقعے کی جگہ پر ایک کرائم سین قائم کر دیا گیا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی جا رہی ہے۔

روسی ٹی وی پر نشر ہونے والی تصاویر میں بڑی تعداد میں پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر موجود دکھائی دیے۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ دھماکہ مقامی وقت کے مطابق رات 1 بج کر 30 منٹ پر ہوا۔

یاد رہے کہ اسی ہفتے روسی فوج کے ایک سینئر جنرل لیفٹیننٹ جنرل فانیل سارواروف بھی جنوبی ماسکو میں اپنی گاڑی کے نیچے نصب بم کے دھماکے میں ہلاک ہو گئے تھے۔

روسی تحقیقات کے مطابق روسی فوج کے جنرل اسٹاف کی آپریشنل ٹریننگ ڈائریکٹری کے سربراہ جنرل سارواروف کی ہلاکت ممکنہ طور پر یوکرینی انٹیلی جنس کی طرف سے کیا گیا ممکنہ قتل تھا۔ ان کی گاڑی یاسینیوا اسٹریٹ پر صبح سات بجے دھماکے کا شکار ہوئی۔

روس کے حکام اور جنگ کی حمایت کرنے والے اہم حلقوں نے اس حملے کے فوری ردِ عمل کا مطالبہ کیا ہے۔ حالیہ دھماکہ ماسکو میں گزشتہ ایک سال کے دوران ہوا تیسرا دھماکہ ہے۔

Moscow car blast