وزیراعظم کی پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت: اچکزئی کی مشاورت مکمل، جواب آج متوقع

اپوزیشن قیادت کی مشاورت میں وزیراعظم کی مذاکراتی پیشکش پرغور، حکمتِ عملی طے کرنے پر بات چیت
شائع 24 دسمبر 2025 02:45pm

اسلام آباد میں اپوزیشن قائدین نے حکومت کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش پر اہم مشاورت کی ہے، جس کے بعد ذرائع کا کہنا ہے کہ محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس آج باضابطہ طور پر اپنا جواب دیں گے۔ مشاورت کے دوران مذاکراتی عمل سے متعلق حکمت عملی اور ممکنہ فیصلوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے اپوزیشن قیادت کی مشاورت محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں ہوئی، جس میں وزیراعظم کی مذاکراتی پیشکش پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں محمود خان اچکزئی، علامہ ناصر عباس اور اسد قیصر شریک ہوئے، جبکہ سلمان اکرم راجہ آڈیو لنک کے ذریعے مشاورت کا حصہ بنے۔ اجلاس میں مذاکراتی عمل سے متعلق حکمتِ عملی اور فیصلوں پر بات چیت کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت نے محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو اپنا مؤقف بتا دیا ہے، اور دونوں رہنما آج مذاکرات پر جواب دیں گے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کہہ چکے ہیں کہ اگر محمود خان اچکزئی کے پاس مینڈیٹ موجود ہے تو وہ مذاکرات کر سکتے ہیں، کیونکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بھی اس حوالے سے ان کا نام لیا تھا۔

دریں اثنا وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیراعظم مسلسل پاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات کی دعوت دے رہے ہیں اور امید ہے کہ بات چیت مثبت اور نتیجہ خیز ثابت ہوگی۔

خواجہ آصف کے مطابق، ”پی ٹی آئی قیادت کی سیاسی سوچ میں مذاکرات کی گنجائش کم دکھائی دیتی ہے“ اور عمران خان ماضی میں زیادہ تر اپنے سیاسی مفاد پر توجہ دیتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات ہمیشہ ”کچھ لو اور کچھ دو“ کی بنیاد پر آگے بڑھتے ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے رابطے کیے جا رہے ہیں اور فیصلہ اب پی ٹی آئی کی قیادت نے کرنا ہے کہ وہ بات چیت کا راستہ اپناتی ہے یا نہیں۔

دوسری جانب بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان بھی کہہ چکی ہیں کہ پارٹی میں جو بھی رہنما مذاکرات کی بات کرتا ہے، وہ بانی پی ٹی آئی کے مؤقف کے ساتھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خیبر پختونخوا کی قیادت کو اسٹریٹ موومنٹ کا پیغام پہنچا دیا ہے۔

Khawaja Asif

PM Shehbaz Sharif

Mehmood Khan Achakzai

Barrister Gohar Ali Khan

PTI Government Talks

Allama Nasir Rizvi