ایشیز سیریز: کھلاڑیوں کی شراب نوشی کا معاملہ، انگلش بورڈ کا تحقیقات کا فیصلہ

اگر کھلاڑیوں کی جانب سے حد سے زیادہ شراب نوشی کے شواہد ملے تو سنجیدگی سے کارروائی کی جائے گی: روب کی
شائع 24 دسمبر 2025 06:52pm

آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز میں مسلسل 3 ٹیسٹ میچز ہارنے کے بعد انگلینڈ کرکٹ ٹیم ایک اور تنازع کی زد میں آ گئی، جہاں کھلاڑیوں کی مبینہ شراب نوشی سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز سامنے آنے کے بعد ٹیم انتظامیہ نے معاملے کی تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق انگلینڈ کے مینز کرکٹ ٹیم کے منیجنگ ڈائریکٹر روب کی نے واضح کیا کہ ایشز سیریز کے دوران کھلاڑیوں کی شراب نوشی سے متعلق آنے والی رپورٹس کی تحقیقات کی جائیں گی۔ اگر کھلاڑیوں کی جانب سے حد سے زیادہ شراب نوشی کے شواہد ملے تو اس پر سنجیدگی سے کارروائی کی جائے گی۔ یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب سوشل میڈیا پر انگلش کھلاڑیوں کی چند ویڈیوز گردش کرنے لگیں۔

ایشیز سیریز کے دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ کے درمیان انگلینڈ کا اسکواڈ برسبین کے شمال میں واقع سن شائن کوسٹ کے ریزورٹ شہر نوسا میں مقیم رہا۔ یہ وقفہ پہلے سے طے شدہ تھا اور اس کا مقصد طویل دورے کے دوران کھلاڑیوں کو ذہنی سکون اور آرام فراہم کرنا تھا۔

منگل کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو سامنے آئی، جس میں انگلینڈ کے اوپننگ بلے باز بین ڈکٹ مبینہ طور پر ہوٹل واپس جانے کا راستہ یاد نہ رکھ پانے کی حالت میں نظر آئے۔ وائرل ویڈیو میں انگلش کرکٹر کو چند لوگوں سے بات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ جب ایک خاتون نے ان سے پوچھا کہ کیا انہیں واپس ہوٹل جانے کا راستہ معلوم ہے تو مبینہ طور پر انہوں نے جواب دیا کہ ”نہیں“ جس کے بعد گفتگو جاری رہی اور بین ڈکٹ الجھن کا شکار دکھائی دیے۔

اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر ایک اور ویڈیو گردش کررہی ہے، جس میں بلے باز جیکب بیتھل کو ایک نائٹ کلب میں رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے تاہم جیکب بیتھل اب تک ایشز سیریز کا حصہ نہیں رہے۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ وہ آن لائن سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے مواد سے آگاہ ہے تاہم حقائق سامنے آنے تک مزید تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔

اس حوالے سے انگلینڈ کے کپتان اور آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کی ذہنی صحت ان کی اولین ترجیح ہے، شکست کے بعد میڈیا اور سوشل میڈیا کی شدید تنقید کسی بھی کھلاڑی کے لیے مشکل صورت حال پیدا کر دیتی ہے۔

ایشز سیریز: پہلے ٹیسٹ کا دو روز میں فیصلہ، آسٹریلیا کی انگلینڈ کو شکست

بین اسٹوکس کے مطابق جب آپ سیریز 0-3 سے ہار چکے ہوں تو آپ کی ہر بات اور ہر عمل پر تنقید ہوتی ہے اور یہ جائز بھی ہے، ایسے میں اپنے آپ کو سنبھالنا آسان نہیں ہوتا، ایسی بڑی سیریز میں تین میچ ہارنے کے بعد آپ کے پاس دفاع کے لیے زیادہ کچھ نہیں ہوتا، جیت میں سب کچھ اچھا لگتا ہے اور ہار میں کچھ بھی نہیں۔

کارکردگی کے حوالے سے دیکھا جائے تو بین ڈکٹ گزشتہ چند برسوں میں ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں انگلینڈ کے کامیاب اوپنرز میں شمار ہوتے رہے ہیں۔ سیریز سے قبل ان کے نام 6 ٹیسٹ سنچریاں تھیں اور ماہرین کو ان سے آسٹریلیا میں بہتر کارکردگی کی امید تھی تاہم ایشز میں ان کی فارم بری طرح متاثر رہی اور 6 اننگز میں ان کا زیادہ سے زیادہ اسکور 29 رہا۔

تیسرے ٹیسٹ میں بین ڈکٹ 30 گیندوں پر 29 رنز بنا کر اچھی فارم میں نظر آ رہے تھے لیکن آسٹریلوی اسپنر نیتھن لیون نے انہیں بولڈ کر دیا جب کہ دوسری اننگز میں جب انگلینڈ میچ اور سیریز بچانے کی کوشش کر رہا تھا تب بین ڈکٹ صرف 2 گیندیں ہی کھیل سکے۔ انہوں نے پیٹ کمنز کی ایک گیند پر شاندار چوکا لگایا لیکن اگلی ہی گیند پر شاٹ کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

روب کی جو نوسا کے دورے میں ٹیم کے ہمراہ نہیں تھے، انہوں نے پہلے کہا تھا کہ انہیں کھلاڑیوں کے وقفے پر کوئی اعتراض نہیں تاہم اگر حد سے زیادہ شراب نوشی کے شواہد ملے تو اس پر کارروائی کی جائے گی۔

26 دسمبر بروز جمعے سے شروع ہونے والے ایشیز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ سے قبل میلبرن میں گفتگو کرتے ہوئے روب کی نے کہا کہ ”بین الاقوامی کرکٹ ٹیم سے ایسی توقع نہیں کی جاتی کہ وہ حد سے زیادہ شراب نوشی کرے، اگر ایسا ہوا ہے تو اس کی جانچ ضروری ہے۔“

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے منیجنگ ڈائریکٹر کے مطابق اب تک موصول ہونے والی اطلاعات میں یہی بتایا گیا ہے کہ کھلاڑیوں نے کھانے پینے تک خود کو محدود رکھا اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا، بس کبھی کبھار ایک آدھ ڈرنک لی، مجھے اس پر کوئی اعتراض نہیں تاہم اگر اس سے آگے کوئی بات سامنے آئی تو اسے سنجیدگی سے لیا جائے گا۔

روب کی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ایشز سے قبل نیوزی لینڈ میں بھی کھلاڑیوں کی شراب نوشی سے متعلق رپورٹس کی جانچ کی گئی تھی، جو ایشز سے کچھ ہی پہلے کی بات ہے۔ انگلینڈ کے وائٹ بال کپتان ہیری بروک اور جیکب بیتھل کی ایک مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر ایک شہری نے شیئر کی تھی، جو مبینہ طور پر یکم نومبر کو تیسرے ون ڈے سے قبل ویلنگٹن میں بنائی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر کھلاڑیوں کو باضابطہ وارننگ جاری کرنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی تاہم اسے ایک ”ویک اپ کال“ ضرور قرار دیا گیا، مجھے کھلاڑیوں کا کھانے کے ساتھ ایک گلاس وائن پینے پر اعتراض نہیں لیکن اس سے زیادہ کو وہ غیر ذمہ دارانہ رویہ سمجھتے ہیں۔

واضح رہے کہ انگلینڈ کو ایشز سیریز کے ابتدائی تینوں ٹیسٹ میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں آسٹریلیا نے صرف 11 دن میں ایشز اپنے نام کر لی۔ چوتھا ٹیسٹ میچ جمعے کو میلبورن میں کھیلا جائے گا۔

Viral Video

australia vs england

Drunk

ben duckett

england players

Ashes Series 2025

Australia vs England Ashes

ahses

england players drinking

drinking

england and wales cricket board