دنیا کی تباہی: خودساختہ ’نوح‘ کی پیش گوئی غلط ثابت
گھانا سے تعلق رکھنے والے شخص جس کا دعویٰ ہے کہ وہ ایک خود ساختہ ’نوح‘ ہے، اس نے حال ہی میں دعویٰ کیا تھا کہ 25 دسمبر کو دنیا ختم ہوجائے گی، تاہم ان کی پیشگوئی غلط ثابت ہوگئی۔ اب اس نے دعویٰ کیا ہے کہ خدا نے سیلاب کے ذریعے دنیا کی متوقع تباہی کو مؤخر کر دیا ہے۔
گھانا ویب کی رپورٹ مطابق ایبو نوح نے اس سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ 25 دسمبر کو کرسمس کے دن ایک بڑا سیلاب آئے گا۔ تاہم اب ان کا کہنا ہے کہ لوگوں کی اجتماعی دعاؤں کے باعث خدا نے اپنے فیصلے کو فی الحال مؤخر کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق خود ساختہ نے اب یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ نئی وحی کے تحت موجودہ کشتیوں کو وسعت دی جائے گی اور مزید کشتیاں تعمیر کی جائیں گی تاکہ نجات کے خواہش مند زیادہ سے زیادہ لوگوں کو جگہ دی جا سکے۔
یہ اعلان ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے کیا گیا جو سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے۔
خودساختہ ’نوح کے اس اعلان کے بعد ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں دکھایا گیا کہ ہزاروں کی تعداد میں شہری ایک ایک راستے سے گزر رہے ہیں۔
ایبو نوح نے دعویٰ کیا تھا کہ آج 25 دسمبر 2025 کو دنیا ختم ہونے والی ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ خدا نے انہیں لوگوں کو بچانے کے لیے بڑی بڑی لکڑی کی کشتیاں بنانے کی ہدایت دی ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں شہری وہاں کا رخ کر رہے ہیں۔
دوسری جانب ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں خود ساختہ نوح کا دعویٰ کرنے والے شخص کو ایک مرسیڈیز سے اترتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو پوسٹ کے کیپشن میں لکھا گیا کہ گھانا کے شہریوں کی جانب سے بتایا جا رہا ہے کہ خود ساختہ نوح جس نے دعویٰ کیا تھا کہ 25 دسمبر کو سیلاب آئے گا اور کشتیاں بنانے کے لیے اپنے پیروکاروں سے چندہ دینے کی اپیل کی تھی، اب کہہ رہے ہیں کہ خدا نے ایک خواب میں اس آفت کو مؤخر کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ مزید کشتیاں بنانے کے لیے اضافی فنڈز کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔
یہ معاملے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی طرف سے خودساختہ نوح کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ایک صارف نے ایکس پر لکھا کہ یہ جھوٹ بول رہا ہے، بہت سے لوگ اس طرح کا دعویٰ کرتے ہیں۔
















