ایک کلو چربی کم کرنے کے لیے کتنا چلنا پڑتا ہے؟
کیاآپ روزانہ واک تو کر رہے ہیں، لیکن وزن ہے کہ کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا؟ اس کا مطلب یہ نہیں کہ واک فائدہ مند نہیں۔
ممکن ہے کہ آپ اتنا فاصلہ طے نہیں کر رہے جتنا آپ کے جسم کو چربی جلانے کے لیے درکار ہے۔ لیکن فکر کی کوئی بات نہیں۔ جسم سے ایک کلو چربی کم کرنے کا طریقہ آپ کے خیال سے کہیں زیادہ آسان اور محفوظ ہے۔
فٹنس ماہر انجلی سچن کے مطابق، روزانہ باقاعدگی سے واک کرنا وزن کم کرنے کا ایک بہترین اور دیرپا طریقہ ہے، بشرطیکہ اسے مستقل مزاجی کے ساتھ اپنایا جائے۔
ماہر کے مطابق جسم میں موجود ایک کلو چربی تقریباً 7,700 کیلوریز کے برابر ہوتی ہے۔ چونکہ یہ توانائی جسم میں محفوظ ہوتی ہے، اس لیے اسے کم ہونے میں وقت لگتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اصل چربی کا کم ہونا سست مگر مستقل عمل ہے، جو وقتی وزن میں کمی (جیسے پانی یا سوجن) سے بالکل مختلف ہوتا ہے۔ تاہم اچھی خبر یہ ہے کہ جب یہ چربی جل جاتی ہے تو دوبارہ واپس نہیں آتی۔
انہوں نے بتایا کہ چونکہ واک کے دوران ہر قدم پر جسم توانائی استعمال کرتا ہے، اس لیے اندازاً ایک ہزار قدم چلنے سے 50 سے 70 کیلوریز جلتی ہیں۔ اس حساب سے صرف واک کے ذریعے ایک کلو چربی کم کرنے کے لیے مجموعی طور پر تقریباً ڈیڑھ لاکھ قدم چلنا پڑتے ہیں۔
انجلی سچن کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شخص روزانہ 10 ہزار سے 15 ہزار قدم باقاعدگی سے چلتا رہے، تو وہ 10 سے 12 دن میں ایک کلو چربی کم کر سکتا ہے، وہ بھی بغیر سخت ورزش یا بھوکے رہنے کے۔ ان کے مطابق اصل راز کسی ایک دن کی زیادہ محنت نہیں بلکہ روزانہ کی مستقل واک ہے۔
فٹنس ماہرین کے مطابق واک کی خاص بات یہ ہے کہ یہ جسم پر زیادہ دباؤ نہیں ڈالتی اور آہستہ اور مستقل انداز میں کیلوریز جلتی ہیں۔
واک سے جسم پر غیر ضروری دباؤ نہیں پڑتا۔ بھوک میں بھی اچانک اضافہ نہیں ہوتا۔ یہ ہارمونز کے توازن کو متاثر نہیں کرتی اور ذہنی دباؤ کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ اسی لیے واک کو ہر عمر کے افراد کے لیے محفوظ اور پائیدار ورزش قرار دیا جاتا ہے۔
ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ چربی کم ہونا کسی ایک دن یا ایک سخت ورزش سے ممکن نہیں۔ اصل کامیابی روزانہ کی عادت، مناسب آرام اور صحت مند طرزِ زندگی سے آتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر روزانہ کے قدموں کو “روزانہ کیلوری جلانے” کے طور پر دیکھا جائے، تو آہستہ آہستہ لیکن مستقل چربی میں کمی ممکن ہے۔
یاد رکھیں، وزن کم کرنا کوئی جادو نہیں بلکہ ایک مسلسل عمل ہے اور روزانہ واک اس سفر کو آسان اور محفوظ بنا سکتی ہے۔ واک نہ صرف وزن کم کرنے میں مدد دیتی ہے بلکہ مجموعی صحت، دل کی کارکردگی اور ذہنی سکون کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔ اصل کامیابی کا راز استقامت، توازن اور خود پر بھروسہ ہے۔
نوٹ: وزن کم کرنے سے پہلے اپنی عمر، صحت اور روزمرہ معمولات کو مدِنظر رکھنا ضروری ہے اور کسی بھی بڑی تبدیلی سے پہلے ماہرِ صحت سے مشورہ بہتر ہوتا ہے۔
















