نادیہ خان کی بیٹے کے ساتھ ڈانس ویڈیو تنازع میں بدل گئی

سوشل میڈیا پر بحث میں بھارتی صارفین بھی شامل ہوگئے۔
شائع 26 دسمبر 2025 02:45pm

نادیہ خان جو اپنے سخت قومی مؤقف، دو ٹوک رائے اورحب الوطنی پر بیانات کے باعث پہچانی جاتی ہیں، اب خود تنقید کی زد میں آ گئی ہیں۔

حال ہی میں ایک مہندی تقریب کے دوران نادیہ خان نے اپنے بیٹے اذان کے ساتھ رقص کیا، جس کی ویڈیو انہوں نے خود اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی۔

ویڈیو میں نادیہ خان نیلے رنگ کے دیدہ زیب مخملی فرشی شلوار سوٹ میں ملبوس نظر آرہی ہیں، جبکہ اذان نے سیاہ شلوار قمیص کے ساتھ ہلکے رنگ کی شال اوڑھ رکھی تھی۔ دونوں بھارتی فلم کے مشہور گانے ’سینوریٹا‘ پر رقص کررہے ہیں۔

ویڈیو جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، صارفین کی جانب سے نادیہ خان کی حب الوطنی پر سوالات اٹھائے جانے لگے۔

یاد رہے کہ نادیہ خان گزشتہ چند برسوں سے ٹی وی شوز میں اپنے بے باک اور دو ٹوک تبصروں کی وجہ سے خبروں میں رہتی آئی ہیں اور اکثر بھارتی مواد اور پاکستانی ڈراموں پر تنقید کرتی نظر آتی ہیں۔ اسی تناظر میں صارفین نے ان پر دوہرے معیار کا الزام عائد کیا۔

کئی صارفین نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نادیہ خان جو اکثر ٹی وی پروگرامز میں قوم پرستی اور سخت مؤقف اختیار کرتی نظر آتی ہیں، وہ خود بھارتی گانے پر رقص کر رہی ہیں۔

ایک صارف نے تبصرہ کیا، ”یہ تو بھارتی گانا ہے، آپ کی حب الوطنی کہاں گئی؟“

جبکہ ایک اور نے لکھا، ”جو دوسروں کو لیکچر دیا کرتی تھیں، آج خود بھارتی گانے پر رقص کررہی ہیں۔“

کچھ صارفین نے حالیہ علاقائی واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے بھی سوالات اٹھائے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس بحث میں بھارتی سوشل میڈیا صارفین بھی شامل ہو گئے اور مختلف تبصروں کے ذریعے معاملے کو مزید ہوا دی۔

ایک بھارتی صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا، ”ہماری موسیقی پر رقص بھی کر لیا، تنقید بھی کر لی، فیصلہ کر لیں۔“

فی الحال نادیہ خان کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باقاعدہ وضاحت سامنے نہیں آئی، مگر ان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر حب الوطنی، ذاتی آزادی اور اظہارِ خوشی کے حوالے سے ایک نئی بحث چھیڑ چکی ہے۔

Son

Nadia khan

dance video

indian song