کراچی: گٹر سے برآمد 4 لاشوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹس آگئیں
کراچی کے علاقے مائی کلاچی پھاٹک کے قریب سے 4 افراد کی لاشیں ملنے کے واقعے میں پولیس نے ابتدائی پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لاشوں پر واضح طور پر تشدد کے نشانات موجود ہیں اور کچھ لاشوں پر بھاری چیز لگنے کے بھی آثار ملے ہیں۔ چاروں افراد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ پولیس کے مطابق لاشوں کو خشک مین ہول میں رکھا گیا تھا اور ان کے اوپر کمبل ڈال کر بڑے پتھر رکھے گئے تھے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق 14 سالہ لڑکے کے سر، چہرے اور گردن پر تشدد کے نشانات پائے گئے۔ ڈاکٹر سمیعہ طارق نے بتایا کہ 10 سالہ بچے کی تھوڑی اور گلا کٹا ہوا تھا۔
اسی طرح 15 سالہ لڑکی کے سر، چہرے اور گردن پر تشدد کے نشانات ملے، جبکہ 40 سالہ خاتون کے سر پر متعدد زخموں کے نشانات پائے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ موت کی اصل وجوہات پوسٹ مارٹم رپورٹ مکمل ہونے کے بعد واضح ہوں گی۔ ابتدائی کارروائی کے بعد چاروں لاشوں کو ایدھی سرد خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔
تحقیقاتی ٹیمیں واقعے کی تفصیلات اور ممکنہ ملزمان تک پہنچنے کے لیے شواہد اکٹھے کر رہی ہیں، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی حساس نوعیت کے باعث ہر پہلو سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔















