شاہ رخ کی ٹیم میں بنگلہ دیشی کرکٹر کی شمولیت، بھارتی بورڈ کا بیان آگیا

اس حساس معاملے میں حتمی اور درست فیصلہ کرنا بھارتی کرکٹ بورڈ کی ذمہ داری ہے، محمد کیف
اپ ڈیٹ 03 جنوری 2026 11:40am

بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر مستفیض رحمان کو انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) میں شامل کرنے پر بھارت میں شور مچ گیا ہے۔ شیو سینا سمیت حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے بھی بنگلہ دیشی کھلاڑی کو آئی پی ایل ٹیم میں شامل کرنے پر شاہ رُخ خان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کا اس حوالے سے بیان سامنے آیا جس میں بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے اس بات کی تصدیق کی کہ بورڈ کو اس مسئلے پر حکومت کی جانب سے کسی قسم کی کوئی ہدایت موصول نہیں ہوئی ہے۔

شیو سینا کے ترجمان آنند دوبے کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں بھارتی سرزمین پر کھیلنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ پاکستانی اور بنگلہ دیشی کھلاڑیوں پر پابندی ہونی چاہے۔

اس کے علاوہ بی جے پی رہنما سنگیت سوم نے بھی شاہ رُخ خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایسے کھلاڑی کو اپنی ٹیم میں شامل کر رہے ہیں، جس کا ملک انڈیا کے خلاف کام کر رہا ہے۔

اس معاملے پر بھارت کے سابق کرکٹر محمد کیف کا کہنا تھا کہ آئی پی ایل 2026 میں بنگلہ دیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کی ممکنہ شرکت پر صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس حساس معاملے میں حتمی اور درست فیصلہ کرنا بھارتی کرکٹ بورڈ کی ذمہ داری ہے۔

رپورٹ کے مطابق مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل کی حالیہ نیلامی میں نو کروڑ 20 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا گیا ہے۔ انہیں شاہ رُخ خان کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے اپنی ٹیم میں شامل کیا۔

بی بی سی کے مطابق گذشتہ ماہ بنگلہ دیش میں پرتشدد مظاہروں کے دوران ایک ہندو شخص کی ہلاکت نے بنگلہ دیش اور انڈیا کے درمیان پہلے سے کشیدہ تعلقات کو مزید خراب کر دیا تھا۔

دونوں ممالک ایک دوسرے پر تعلقات خراب کرنے کا الزام عائد کر رہے ہیں، اور ایک دوسرے کے سفارتی عملے کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کروا رہے ہیں۔

بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ ہندو شہری ڈیپو چندرا کو ایک مشتعل ہجوم نے توہینِ مذہب کا الزام عائد کرنے کے بعد ہلاک کر دیا تھا۔ اس واقعے پر انڈیا کے ہندو انتہا پسند گروہوں نے بہت احتجاج کیا۔

بنگلہ دیش میں ہندو شخص کو اُس وقت ہلاک کیا گیا جب دارالحکومت ڈھاکہ میں طالبعلم رہنما عثمان ہادی کے قتل کے بعد پُرتشدد مظاہرے کیے جا رہے تھے۔

IPL

Indian Premier League

Shiv Sena

IPL2026

mustafizur rahman

“Shah Rukh Khan