بی سی سی آئی کی ہدایت پر بنگلہ دیشی بولر مستفیض الرحمان آئی پی ایل سے باہر

مستفیض الرحمان 2026 سیزن سے پہلے آئی پی ایل میں ٹیم حاصل کرنے والے واحد بنگلہ دیشی کھلاڑی ہیں۔
شائع 03 جنوری 2026 06:44pm

کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) نے مستفیض الرحمان کو اپنے آئی پی ایل 2026 اسکواڈ سے باہر کر دیا ہے، جس کا فیصلہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی بی سی سی آئی کی ہدایت پر کیا گیا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے اے این آئی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ حالیہ حالات کے پیشِ نظر، بی سی سی آئی نے کے کے آر کو ہدایت دی ہے کہ وہ بنگلہ دیش کے کھلاڑی مستفیض الرحمان کو اسکواڈ سے خارج کریں۔ اگر ٹیم کسی متبادل کھلاڑی کی درخواست کرے تو یھارتی کرکٹ بورڈ اجازت دے گا۔

سائیکیا نے واضح طور پر یہ نہیں بتایا کہ فیصلہ کیوں لیا گیا، تاہم بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق چند دنوں سے بھارتی سیاسی رہنماؤں نے کولکتہ نائٹ رائیڈر اور اس کے مالک شاہ رخ خان پر تنقید کی تھی کہ وہ مستفیض الرحمان کو اسکواڈ میں شامل کر رہے ہیں، جب کہ بنگلہ دیش میں ہندو اقلیتوں پر حملوں کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔

چند گھنٹوں کے اندر کے کے آرنے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ بی سی سی آئی کی ہدایت اور مشاورت کے بعد عمل میں لایا گیا۔

مستفیض الرحمان آئی پی ایل کے تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور 2016 سے مختلف ٹیموں کی نمائندگی کر چکے ہیں، جن میں سن رائز حیدرآباد، دہلی کیپیٹلز، راجھستان رائلز، ممبئی انڈینز اور چنائی سپرکنگز شامل ہیں۔ انہوں نے مجموعی طور پر 60 میچوں میں 65 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

گذشتہ سال انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) کی نیلامی میں کولکتہ نائٹ رائیڈر نے مستفیض الرحمان کو 9.2 کروڑ روپے میں حاصل کیا تھا، جب کہ ٹیم نے اپنی لائن اپ میں نئے کھلاڑی بھی شامل کیے، جن میں آکاش دیپ، سری لنکا کے میتھیسا پاتھرانہ اور آسٹریلوی آل راؤنڈر کیمرون گرین شامل تھے۔

مستفیض الرحمان جو 2026 سیزن سے پہلے آئی پی ایل میں ٹیم حاصل کرنے والے واحد بنگلہ دیشی کھلاڑی ہیں، اس وقت بنگلہ دیش پریمئر لیگ (بی پی ایل) اور رنگ پور کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

ادھر، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے اپنے ہوم سیزن کا اعلان کیا ہے، جو مارچ 2026 میں شروع ہوگا اور اس میں بھارت کی جانب سے تین او ڈی آئی اور تین ٹی ٹوئینٹی میچز کی وائٹ بال سیریز شامل ہے۔ یہ سیریز اصل میں 2025 کے لیے شیڈول تھی لیکن بعد میں مؤخر کی گئی۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پہلے ہی فروری اور مارچ میں بھارت میں موجود ہوگی۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی طرف سے اس معاملے پر جلد باضابطہ بیان جاری کرنے کی توقع ہے۔

BCCI

Indian Premier League

kkr

IPL2026

mustafizur rahman

IPL Update

Bangladesh Cricket