ایشیز سیریز: اسٹوکس اور لبوشین کے درمیان تلخ کلامی، معاملہ کیا ہے؟

فیلڈنگ پوزیشن کی جانب جاتے ہوئے اسٹوکس لبوشین کو سخت الفاظ کہتے ہوئے دکھائی دیے
شائع 05 جنوری 2026 07:45pm

ایشیز سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے دوران انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس اور آسٹریلیا کے بلے باز مارنس لبوشین کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، جس کے کچھ ہی دیر بعد اسٹوکس نے لبوشین کو آؤٹ کردیا تاہم اختتام پر برتری اسٹوکس کے حصے میں آئی۔

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے ایشز سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس اور آسٹریلوی بیٹر مارنس لبوشین کے درمیان ہونے والی تلخ کلامی نے میچ میں سنسنی پیدا کر دی۔

واقعہ کھیل کے اختتامی لمحات میں 29 ویں اوور کے بعد پیش آیا، جب ٹریوس ہیڈ نے بین اسٹوکس کو لگاتار 2 باؤنڈریاں لگائیں۔ اسی دوران اسٹوکس اور لبوشین کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔ تنازع کی اصل وجہ واضح نہ ہو سکی البتہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ معاملہ کم ہوتی روشنی پر بحث سے جڑا ہو۔

فیلڈنگ پوزیشن کی جانب جاتے ہوئے اسٹوکس لبوشین کو سخت الفاظ کہتے ہوئے دکھائی دیے۔ صورت حال اس وقت مزید نمایاں ہو گئی جب اسٹوکس واپس لبوشین کی جانب بڑھے اور ان کے کندھے پر بازو رکھ دیا، اسی لمحے امپائر احسن رضا بھی مداخلت کے لیے آگے آ گئے۔

برسبین ڈے نائٹ ٹیسٹ میں بھی آسٹریلیا کا راج، انگلینڈ کو مسلسل دوسری شکست

سابق آسٹریلوی وکٹ کیپر ایڈم گلکرسٹ نے کیو اسپورٹس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ میچ کے دباؤ اور طویل سیریز کے باعث ماحول خاصا گرم ہو چکا تھا۔ ان کے مطابق بظاہر معاملہ ختم ہو گیا تھا مگر کسی بات نے اسٹوکس کو دوبارہ لبوشین کی طرف متوجہ کیا، جس کے بعد صورت حال مزید کشیدہ دکھائی دی۔

تاہم اگلے ہی اوور میں بین اسٹوکس نے لبوشین کے خلاف عملی جواب دے دیا، اوور کی پانچویں گیند پر لبوشین نے ڈرائیو کھیلنے کی کوشش کی تاہم گیند بھاری کنارے کے ساتھ گلی پوزیشن میں کھڑے جیکب بیتھل کے ہاتھوں میں چلی گئی اور یوں لبوشین 48 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ وکٹ کے بعد دونوں کے درمیان کوئی مزید جملوں کا تبادلہ نہیں ہوا۔

لبوشین کے آؤٹ ہونے کے بعد نائٹ واچ مین مائیکل نیسر کریز پر آئے، جو اس ساری کشیدگی سے لاعلم تھے۔ بعد ازاں گفتگو میں نیسر نے کہا کہ لبوشین حریف کو ذہنی دباؤ میں لانے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتے ہیں اور ان کا جارحانہ انداز ہی اکثر تنازع کا سبب بنتا ہے۔

اس سے قبل دن کے کھیل میں لبوشین نے گیند سے بھی اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے میڈیم پیس بولنگ کرتے ہوئے جیمی اسمتھ کو شارٹ گیند پر آؤٹ کر کے جو روٹ کے ساتھ 94 رنز کی شراکت توڑ دی۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں لبوشین کی میڈیم پیس بولنگ سے پہلی وکٹ تھی جب کہ اس سے قبل وہ لیگ اسپن سے 12 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

مائیکل نیسر کے مطابق لبوشین کو بولنگ کا بے حد شوق ہے اور وہ شیفیلڈ شیلڈ کرکٹ میں بھی اسی کردار میں کامیاب رہے ہیں۔ نیسر نے بتایا کہ لبوشین کی رفتار میں واضح فرق ہوتا ہے، وہ 112 سے 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان بولنگ کر سکتے ہیں، جس کے باعث بیٹر کے لیے انہیں پڑھنا مشکل ہو جاتا ہے۔

ایشز سیریز: پہلے ٹیسٹ کا دو روز میں فیصلہ، آسٹریلیا کی انگلینڈ کو شکست

یاد رہے کہ ایشز سیریز کے پانچواں اور آخری ٹیسٹ کے دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے 2 وکٹ کے نقصان پر ایک 166 رنز بنالیے ہیں۔ آسٹریلیا کی جانب سے مائیکل نیسر ایک اور ٹریوس ہیڈ 91 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں جب کہ مارنس لبوشین 48 اور جیک وید رالڈ 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 384 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، جو روٹ نے سنچری اسکور کی، وہ 160 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ مائیکل نیسر نے 4، مچل اسٹارک اور اسکاٹ بولینڈ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

England

Australia

Ben Stokes

ashes

Ashes test

MARNUS LABUSCHAGNE

australia vs england

Ashes Series 2025

Australia vs England Ashes

final Ashes Test.