امریکی اور اسرائیلی حملے کا خدشہ، آیت اللہ خامنہ ای کے فرار کا منصوبہ بے نقاب

ایرانی سپریم لیڈر سے متعلق پھیلائی جانے والی باتیں جھوٹی اور مضحکہ خیز ہیں: ایرانی سفیر
اپ ڈیٹ 06 جنوری 2026 09:25am

امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے خدشات کے باعث میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سے متعلق مختلف رپورٹس اور بیانات سامنے آ رہے ہیں۔ برطانوی میڈیا نے انٹیلی جنس رپورٹ کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ بدترین صورتحال کے پیش نظر ایرانی سپریم لیڈر نے فرار کا منصوبہ تیار کر رکھا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اگر ملک میں سیکیورٹی فورسز احتجاج پر قابو پانے میں ناکام رہیں یا ان کی وفاداری متاثر ہو جائے تو آیت اللہ خامنہ ای اپنے قریبی حلقے، اہل خانہ اور بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کے ہمراہ ایران چھوڑ کر ماسکو جا سکتے ہیں۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ منصوبہ کسی فوری فیصلے کے بجائے ہنگامی حالات کے لیے ایک احتیاطی حکمت عملی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، تاکہ اگر حالات غیر معمولی حد تک خراب ہو جائیں تو قیادت کے پاس متبادل راستہ موجود ہو۔

تاہم اس رپورٹ میں یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ یا عملی قدم اٹھایا جا چکا ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے ان خبروں اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعوؤں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر سے متعلق پھیلائی جانے والی باتیں جھوٹی اور مضحکہ خیز ہیں۔

ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ آیت اللہ خامنہ ای ایرانی عوام اور ملک کے چوکس سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ایسی افواہوں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایک بار پھر دشمن کا پروپیگنڈا نیٹ ورک متحرک ہو چکا ہے جو غلط معلومات پھیلا کر کنفیوژن پیدا کرنا چاہتا ہے۔

ان کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر نہ صرف ایک ثابت قدم رہبر ہیں بلکہ ایرانی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر بھی ہیں، اور ملک کے دفاع اور سلامتی سے متعلق معاملات میں براہ راست کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے موجودہ دور میں ڈیجیٹل دہشت گردی، غلط معلومات اور اخلاقی بددیانتی کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

ایرانی سفیر نے اپنے مؤقف کی تائید کے لیے ایرانی سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای کی ایک تصویر بھی جاری کی، جس میں وہ رائفل تھامے نظر آ رہے ہیں۔

Israel

Ayatollah Ali Khamenei

U.S. Attack

Escape Plan

Iran's Supreme Leader